weather

چلہ کلان کے ایام میں خشک موسم کے چلتے پیر پنچال کے آر پار سردی کی لہر میں کافی اضافہ

21جنوری تک موسمی صورتحال میں تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ، شبانہ سردیوں میںاضافہ ہو سکتا ہے / محکمہ موسمیات

سرینگر// چلہ کلان کے ایام میں خشک موسم کے چلتے پیر پنچال کے آر پار سردی کی لہر میں کافی اضافہ ہو گیا ہے جبکہ شبانہ درجہ حرارت میں بھی مسلسل کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے ۔ سرینگر میں شبانہ درجہ حرارت ایک بار پھر کافی نیچے چلا گیا ہے اور اتوار اور سوموار کی درمیانی رات کو درجہ حرارت منفی 5.1ڈگری سیلشس درج کیا گیا جبکہ ا س کے علاوہ پہلگام میں منفی 8.4ڈگری اور سونہ مرگ منفی 9.8ڈگری کے ساتھ سرد ترین علاقہ ریکارڈ کیا گیا ۔ ادھر محکمہ موسمیات نے پہلے ہی 21جنوری تک موسمی صورتحال میں تبدیلی نہ آنے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے شبانہ سردیوں میںاضافہ کی پیشگوئی کی ہے ۔ سی این آئی کے مطابق شدید سردی کی لہر نے وادی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور اس دوران صبح و شام یخ بستہ ہواؤں کی وجہ سے عام زندگی معطل ہو کر رہ گئی ہے۔اگرچہ رات بھر آسمان کھلا رہتا ہے تاہم اس دوران کھلے آسمان کی وجہ سے سردی میں بے پناہ اضافہ ہو رہا ہے جبکہ رات کے وقت ہڑیوں کو گلا دینے والی اس سردی کی وجہ سے بیشتر لوگ گھروں سے باہر نہیں آتے۔دن بھر اگر چہ کبھی کبھی فضاء میں سورج بھی جلوا ہ افروز ہوتا تاہم اس دوران بھی سرد ہواؤں کی لہر سورج کی تمازت کو کھا جاتی ہے۔شہر سرینگر سمیت وادی کے جنوب و شمال میں سردیو ں کی وجہ سے صبح دیر سے دن شروع ہوتا ہے اور شام کو جلد ہی رات ہونے کی وجہ سے اوقات کار میں بھی کمی آئی ہے۔ موسم سرماکی آمد کے ساتھ ہی وادی میں عام زندگی اگر چہ متاثر ہوتی ہے تاہم سخت ترین سردیوں اور یخ بستہ ہواؤں کی وجہ سے اس میں اضافہ ہوتا ہے۔ دریں اثناء سرینگر سمیت وادی کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت بھی نقطہ انجماد سے مسلسل نیچے گر گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پوری وادی میں رات کا درجہ حرارت گر گیا جس سے سرد موسم کی شدید صورتحال پیدا ہو گئی اور سرینگر میں کم سے کم منفی 5.1سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیاانہوں نے 21 جنوری تک خشک موسم کی پیشگوئی کی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں شبانہ درجہ حرارت منفی 5.1ڈگری سینٹی گریڈ تھا جو گزشتہ رات منفی 3سینٹی گریڈ درج ہوا تھا۔ اسی طرح سے انہوں نے کہا کہ پہلگام میں کم از کم درجہ حرارت منفی 8.4ڈگری سیلشس درج ہوا جبکہ اس کے ساتھ سونہ مرگ وادی میں سرد ترین علاقہ درج ہوا جہاں رات کا درجہ حرارت منفی 9.8ڈگری سیلشس درج ہوا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گلمرگ میں بھی کم سے کم درجہ حرارت میں نمایاں کمی دیکھی گئی اور ایک دن پہلے منفی 5.6سینٹی گریڈ کے مقابلے منفی 6.5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔