Weather conditions across the tunnel remain poor, fresh snow in the highlands, rain in the plains.

چلہ خرد کا زور :وادی کے بالائی علاقوں میں تازہ برفباری ،سرینگر سمیت دیگر میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں

میدانی علاقوں میں بارشوں اور کچھ مقامات پر سال رواں کی پہلی برفباری سے لوگوں میں خوشی

سرینگر// چلہ کلان کے اختتام کے ساتھ ہی چلہ خرد نے آتے ہی اپنا کمال دکھایا جس دوران وادی کے بالائی علاقوں میں تازہ برفباری اور سرینگر سمیت دیگر میدانی علاقوں میں ہلکی بارشوں کے چلتے شبانہ درجہ حرارت میں بہتری درج ہوئی ہے ۔ بارشوں اور برفباری کے ساتھ ہی شہر سرینگر سمیت وادی کے بیشتر علاقوں میں خشک موسم سے لوگوں کو نجات ملی ۔ سی این آئی کے مطابق چلہ خرد نے آتے ہی اپنا زور دکھایا جس دوران موسم میں تبدیلی آئی اور وادی کے بالائی علاقوں کے ساتھ ساتھ جنوبی کشمیر کے کچھ علاقوں میں تازہ برفباری ہوئی جبکہ شہر سرینگر سمیت وادی کے دیگر علاقوں میں ہلکی بارشیں درج ہوئی ۔ محکمہ موسمیات کی پئشگوئی کے عین مطابق شہرہ آفاق گلمرگ ، پیر کی گلی اور کولگام کے کچھ میدانی علاقوں میں ہلکی برفباری درج ہوئی ۔ سرینگر اور دیگر میدانی علاقوں میں بارش ہوئی جبکہ پہلگام، کوکرناگ اور گلمرگ میں برفباری کے ساتھ وادی کشمیر کے دیگر بالائی علاقوں میں تازہ برفباری ریکارڈ کی گئی ۔ محکمہ موسمیات نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جیسے ہی پہلے ہی پیشگوئی کی گئی تھی کہ موسم بدل کر بارشیں اور برفباری ہو سکتی ہے ۔ ا س کے عین مطابق شہرہ آفاق گلمرگ میں تازہ برفباری کا سلسلہ جمعہ کی صبح سے ہی شروع ہوا جبکہ وادی کے دیگر علاقوں میں ابر آلود موسم کے بعد دوپہر سے پیر کی گلی اور کولگا م کے کچھ علاقوں میں ہلکی برفباری درج ہوئی جس کے بعد شہر سرینگر سمیت وادی کے دیگر علاقوں میں تازہ بارشیں ہوئی ۔ اسی دوران محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق وادی کشمیر میں آنے والے کچھ دنوں تک وقفے وقفے سے پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری یا بارشیں ہوسکتی ہیں۔ترجمان نے کہا کہ وادی میں 31 جنوری کو بھی مطلع عام طور پر یا جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران شام کے وقت کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشیں متوقع ہیں۔اسی دوران محکمہ موسمیات کے مطابق شبانہ درجہ حرارت میں معمولی بہتری درج ہوئی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت0.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی1.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہرہ آفاق گلمرگ میں رات کا درجہ حرارت منفی6.0 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ اسی طرح سے انہوں نے کہا کہ کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 1.1 ڈگری اور قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 0.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہہ میں منفی9.2 ڈگری ،کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی6.4 ڈگری سینٹی اور دراس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی11.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔