pdp logo

پی ڈی پی بانڈی پورہ میٹنگ میں تنظیم نو پر غور

پارٹی اپنے اصولوں پر قائم رہتے ہوئے عوامی مفادات کا تحفظ کرے گی

سرینگر//پی ڈی پی ضلع بانڈی پورہ کی میٹنگ میں پارٹی کے اہداف اور مقاصد کی تکمیل کے حوالے سے کارکنوں اور لیڈروں کو سنجیدگی اور اعتماد کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے ضلع صدر سید سجاد نے کہا کہ مرحوم مفتی محمد سعید کی جانب سے قائم کی گئی تحریک کو اس کے اصل مقصد تک پہنچانا ضروری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارٹی اسی جذبے کے ساتھ اپنی منزل کی طرف گامزن رہے گی۔میٹنگ میں اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی کارکردگی، پارٹی ڈھانچے کی تجدید اور مضبوطی، پنچایتی انتخابات اور دیگر بلدیاتی اداروں کے انتخابات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر حلقہ انتخاب بانڈی پورہ کے انچارج سید تجمل الاسلام، حلقہ سوناواری کے انچارج طاہر قادری، حلقہ گریز کے نمائندے، سابق ضلع صدر محمد عبداللہ وانی اور دیگر اہم لیڈران بھی موجود تھے۔میٹنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید تجمل الاسلام نے کہا کہ اجلاس میں حالیہ اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی کارکردگی پر غور کیا گیا اور درپیش خامیوں کو دور کرنے کے لیے ایک لائحہ عمل تیار کیا گیا۔ انہوں نے پارٹی کے ووٹرز کا شکریہ بھی ادا کیا جنہوں نے مشکل حالات میں پی ڈی پی کا ساتھ دیا۔سید تجمل نے مزید کہا کہ ضلع صدر سید سجاد نے تمام حلقہ انچارجوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے اپنے حلقوں کو مضبوط کریں اور حلقہ عہدیداروں کی فہرست پیش کریں تاکہ پارٹی کو زمینی سطح پر مزید مستحکم کیا جا سکے۔ یہ فہرست پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو منظوری کے لیے پیش کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات کے حوالے سے کارکنوں کو تیار رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔سید تجمل الاسلام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پی ڈی پی ہمیشہ عوامی مفادات کو اپنی اولین ترجیح سمجھتے ہوئے کام کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کا مقصد عوام کو باوقار روزگار، عزت کی زندگی اور امن فراہم کرنا ہے، جبکہ خوف و ہراس کی بجائے ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ پی ڈی پی اپنے سیلف رول اور اصولوں پر قائم ہے اور کسی بھی صورت میں ان اصولوں سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔اس کے علاوہ، سید سجاد نے پارٹی کی یوتھ، خواتین، قبائلی اور پسماندہ طبقات سے وابستہ افراد کے لیے مختلف کنونشنز کے انعقاد کی ہدایت دی، تاکہ پارٹی کی بنیاد کو مزید مضبوط کیا جا ئے۔