ماہرین آثار قدیمہ نے شمالی پیرو کی بنجر زمین کے ایک حصے سے 3 ہزار سال سے زائد پرانی انسانی باقیات کھوج نکالی ہے، جبکہ عندیہ دیا جا رہا ہے کہ یہ باقیات جس مقام سے ملی وہاں مقامی ثقافت کے دیوتاؤں کی تعظیم کے لیے رسمی مندر موجود ہوگا۔ڈان اخبار میں شائع رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق 3 ہزار سال سے زائد پرانی انسانی باقیات جنوبی امریکی ریاست کے صوبے ویرو کی ساحلی وادی کے قریب موجود زمین کے ایسے حصے میں پائی گئیں، جہاں مٹی موجود تھی اور پتھر کی دیواریں موجود تھیں، جو کہ صدیوں سے بڑی اور قدیم ثقافتوں کا مسکن رہا ہے۔جبکہ پیرو کی نیشنل یونی ورسٹی آف تروجیلو کے ماہر آثار قدیمہ فیرین کیستیلو جو کہ متعلقہ علاقے میں ریسرچ پراجیکٹ کی سربراہی کر رہے تھے، بتایا کہ باقیات اور یہاں موجود دیواریں تقریبا تین ہزار ایک سو سال سے تین ہزار آٹھ سو سال پرانی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ علاقے میں ثقافتی ارتقا واضح طور پر ہوئی ہے، اس چھوٹے سے مقام سے 4 باقیات کا ملنا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ یہاں دیگر باقیات بھی موجود ہو سکتی ہیں۔فیرین کیستیلو کا کہنا تھا کہ اس سے ہمیں مقامات کی اہمیت کا بھی اندازہ ہوتا ہے، کیونکہ لوگ کافی عرصے تک مندروں میں ہی اپنے پیاروں کو دفنایا کرتے تھے، کیونکہ ان کے لیے یہ مقامات اہمیت رکھتے تھے۔










