پپو پانڈے اور ان کے سی اے کی گرفتاری پر 7 مئی تک روک

گوپال گنج/یواین آئی/بہار کے کُچایکوٹ اسمبلی حلقہ سے جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے رکن اسمبلی امرندر کمار پانڈے عرف پپو پانڈے اور ان کے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ (سی اے ) راہل تیواری کی گرفتاری پر عدالت نے منگل کو 7 مئی تک روک لگا دی ہے ۔ ضلع و سیشن جج-III و خصوصی جج (ایم پی-ایم ایل اے کورٹ) راجندر کمار پانڈے کی عدالت نے آج دونوں کی گرفتاری پر اگلی سماعت کی تاریخ 7 مئی تک روک لگا دی۔ یہ حکم پیشگی ضمانت کی درخواست پر سماعت کے دوران دیا گیا۔ سماعت کے دوران استغاثہ نے عدالت میں پیش کی گئی کیس ڈائری کا مطالعہ کرنے کے لیے اضافی وقت مانگا۔ اس پر عدالت نے ان کی درخواست قبول کرتے ہوئے فی الحال گرفتاری پر روک کا حکم جاری کر دیا، جس سے رکن اسمبلی اور ان کے سی اے کو عارضی راحت مل گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ زمین مافیا کو تحفظ دینے کے الزام میں عدالت نے اس سے قبل دونوں کے خلاف وارنٹ جاری کیا تھا۔ سماعت کے دوران رکن اسمبلی کی جانب سے سپریم کورٹ کے سینئر وکیل اور راجیہ سبھا کے رکن منن کمار مشرا نے پیروی کی، جبکہ سی اے راہل تیواری کی جانب سے پٹنہ ہائی کورٹ کے وکیل نریش دکشت نے دلائل پیش کیے۔