جموں//پرنسپل سیکرٹری کلچر و سکولی تعلیم سریش کمار گپتا نے آج کلا کیندر میں پوسٹل سٹامپ کے ذریعے جموں کی تاریخ اور ثقافتی ورثے کی نمائش کے لئے دو روزہ فلیٹلی ایگزبشن کا افتتاح کیا۔اِس موقعہ پرپرنسپل جی جی ایم سائنس کالج پروفیسر رمیش گپتا مہمان خصوصی تھے جبکہ ملک کے معروف فلسفی مدھوکر مہمان ذی وقار کی حیثیت سے موجود تھے۔اِفتتاحی تقریب میں جموں ضلع کے مختلف سکولوں کے طلبأ کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔نمائش میں ہندوستان اور دیگر ممالک میں جاری کردہ 5,000 سے زیادہ نایاب اور متنوع ڈاک ٹکٹوں کو نمائش کے لئے رکھا گیا ہے۔ ان میں سے کچھ ڈاک ٹکٹ نوآبادیاتی دور کے ہیں۔ اِس کے علاوہ اِنڈیا پوسٹ بھی نمائش میں جموں و کشمیر پر جاری کئے گئے 30 سے زیادہ ڈاک ٹکٹوں کی نمائش کر رہا ہے۔اِس موقعہ پر سریش کمارگپتا نے جموں کی شاندار تاریخ کی عکاسی کرنے والی نمائش کی میزبانی کے لئے محکمہ ڈاک کی ستائش کی۔ اُنہوں نے ملک کے ثقافتی ورثے کے بارے میں جاننے کے لئے فلیٹلی کو ایک دلچسپ موقعہ قرار دیا۔پرنسپل سیکرٹری نے وزیر اعظم کی طرف سے تصورکردہ نئی تعلیمی پالیسی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ذہنی تنائو اور تنائو پر قابو پانے کے لئے بچوں کو سیکھنے کی چیزوں کو اپنا شوق بنانا چاہیے۔ اُنہوں نے مزید فلیٹلی کو ایسے ہی مشاغل میں سے ایک قرار دیا۔بعد میں پرنسپل سیکرٹری نے جی جی ایم سائنس کالج پر ایک خصوصی کور بھی جاری کیا۔ڈائریکٹر پوسٹل سروسز پرتیک نے فلیٹلی کو بادشاہوں کا شوق اور تمام مشاغل کا بادشاہ قرار دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ِانڈیا پوسٹ وقتاً فوقتاً ڈاک ٹکٹ، ایونٹس، یادگاروں اور نامور شخصیات سے متعلق خصوصی کور متعارف کررہا ہے اور اِس طرح تاریخ کو محفوظ کرنے میں اَپنا رول اَدا کرتا ہے۔اِس موقعہ پر پروفیسر رمیش گپتا ، مدھو کر جھنگن اور مشہور فلیٹیلسٹ نے بھی خطاب کیا۔ اِس پروگرام میں طالب علموںکے لئے سٹامپ ڈیزائننگ ، کوئز مقابلہ اور معروف فلیٹیلسٹ کی ورکشاپ کا مشاہدہ کیا گیا۔










