جموں//ڈنسال بلاک ہیڈ کوارٹر میں آج ایک انٹرایکٹو بلاک دیوس پبلک آؤٹ ریچ پروگرام منعقد کیا گیا جہاں پرنسپل سیکرٹری فائنانس سنتوش ڈی ویدیا نے دیگر سینئر افسران کے ساتھ مقامی باشندوں کے مسائل اور مطالبات سُنے اور انہیں بروقت حل کرنے کا یقین دلایا ۔ پروگرام میں ڈی ڈی سی رُکن شمیم بیگم ور پی آر آئی کے سابق اراکین نے بھی شرکت کی ۔ پروگرام کا مقصد لوگوں کو اپنے خدشات اور خواہشات کو براہ راست حکام تک پہنچانے اور ان کی شکایات کا ازالہ کرنے کیلئے ایک پلیٹ فارم مہیاء کرنا تھا ۔ ڈپٹی کمشنر جموں ، ایڈیشنل ضلع ترقیاتی کمشنر ، اے سی ڈی ، ایس ڈی پی او نگروٹہ ، بی ڈی او ، تحصیلدار اور دیگر ضلعی افسران اور اہلکار بھی عوامی رسائی کا حصہ تھے ۔ عوام کی طرف سے اٹھائے گئے کچھ بڑے مسائل میں مقامی لوگوں کی آمدورفت اور نقل و حرکت پر ٹول پلازہ سے متعلق مسائل ، تازہ راشن کارڈز کی تشکیل ، پانی کی فراہمی ، بلاک میں طبی سہولیات کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت اور سڑک رابطے کی بہتری شامل ہیں ۔ پرنسپل سیکرٹری نے لوگوں کو یقین دلایا کہ یو ٹی اور ضلع انتظامیہ ان مسائل پر انتھک کام کرے گی ۔ انہوں نے ڈی ڈی سی سے درخواست کی کہ وہ این ایچ اے آئی اور جل شکتی کے محکموں کے ساتھ مل کر کام کریں ، صحت اور تعمیرات عامہ کے مسائل پر متوازن حل نکالیں ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز اور متعلقہ حکام کی شمولیت سے طے شدہ ترجیحات پر ضلعی بجٹ کے تحت فنڈز فراہم کئے جائیں گے ۔ کمشنر سیکرٹری نے جموں و کشمیر میں حکومت کی طرف سے شروع کئے گئے متنوع ترقیاتی منصوبوں اور اقدامات پر روشنی ڈالی ۔










