جموں / /پرنسپل سیکرٹری ثقافت و سکولی تعلیم سریش کمار گپتا نے آج کے ایل سہگل ہال میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں ڈاکٹر او پی ودیارتھی کی تصنیف کردہ ہندی کتاب ’’پشپت پلکت پتھ پی‘‘کا اِجرأ کیا۔ اِس تقریب کا اہتمام جموں و کشمیر اکیڈیمی آف آرٹ، کلچر اینڈ لنگویجزنے کیا تھا جس میںنامور مصنفین، مفکرین اور ادبی دلچسپی رکھنے والے اچھی خاصی اَفراد نے شرکت کی۔تقریب کی صدارت سابق ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈِی جی پی) ڈاکٹر اشوک بھان نے کی اور اِس موقعہ پرسیکرٹری ثقافت دیپکا شرما ، معروف ڈوگری مصنف پروفیسر للت منگوترا، مصنف ڈاکٹر او پی ودھیارتھی، ڈاکٹر جاوید راہیؔ چیف ایڈیٹر گوجری اور سربراہ جموں ڈویژن کلچرل اکیڈیمی نے شرکت کی۔سریش کمار گپتا نے اَپنے کلیدی خطاب میں ڈاکٹر او پی ودھیارتھی کے جموں و کشمیر کے حیاتیاتی تنوع کے ساتھ گہرے تعلق کی ستائش کی۔ اُنہوں نے ماحولیاتی تحفظ اور دھرتی ماں کی خوبصورتی کے موضوعات پر 51 کتابیں لکھنے کے لئے مصنف کی شاندار خدمات کی سراہنا کی۔اُنہوں نے اُنہیں ’’جنگلات اور جنگلاتی مصنوعات کا زندہ انسائیکلوپیڈیا‘‘ قرار دیتے ہوئے ماحولیاتی مسائل کے بارے میں بیداری پیدا کرنے میں اِس طرح کے اَدبی کاموں کی اہمیت پر زور دیا۔دپیکا شرما نے ڈاکٹر ودھیارتھی کے علم کو نوجوانوںمیں پھیلانے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ اُنہوں نے تعلیمی اِداروں میں اسی طرح کے پروگراموں کے اِنعقاد کی وکالت کی تاکہ طلبأ کو ماحولیات سے جڑنے اور اس کے تحفظ کی ترغیب دی جاسکے۔ڈاکٹر اشوک بھان نے اَپنے صدارتی خطاب میں اس کتاب کو جنگلات کی خوبصورتی، آفات کے دوران فطرت کے کرب اور ماحولیاتی توازن کے شفا بخش تصویر کی شاعرانہ نمائندگی کے طور پر بیان کیا۔ اُنہوں نے کتاب کے منتخب اقتباسات پڑھے اور سامعین کے ساتھ ان کے گہرے اثرات کا اشتراک کیا۔ڈاکٹر او پی ودھیارتھی نے اپنے سفر کی معلومات کا ا شتراک کیا ،زندگی کے ان تجربات کی عکاسی کی جنہوں نے انہیں لکھنے اور ماحولیاتی تحفظ کے لئے خود کو وقف کرنے کی ترغیب دی۔معروف آرٹ مورِّخ للت گپتا نے ڈاکٹر ودھیارتھی کی بے مثال خدمات کی ستائش کی اور قومی سطح پر ان کی شناخت کی وکالت کی۔ پروفیسر للت منگوترا نے مصنف کی قابل ذکر ادبی خدمات کے بارے میں بھی بات کی بالخصوص ڈوگری ادب میں اور ان کے ساتھ اپنی ذاتی وابستگی کا اشتراک کیا۔اِس سے قبل ڈاکٹر جاوید راہیؔ نے اَپنے اِستقبالیہ خطاب میں اس تقریب کے مقصد کو اُجاگر کیا اور اُنہوں ڈوگری اور ہندی ادب میں ڈاکٹر او پی ودھیارتھی کی اہم خدمات کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی بیداری کو فروغ دینے میں ان کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔










