پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے غلام حسن کا بطور سیکریٹری JKBOSE کیاخیرمقدم

پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے غلام حسن کا بطور سیکریٹری JKBOSE کیاخیرمقدم

اسٹیک ہولڈرز کو فیصلہ سازی میں برابر کا حق دیا جائے اور طلبہ کے مفادات کو ترجیح دی جائے/صدر جی این وار

سرینگر / / پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن جموں و کشمیر نے غلام حسن شیخ کو جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن (JKBOSE) کے سیکریٹری کا عہدہ سنبھالنے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ وہ سدھرشن کمار کی جگہ یہ منصب سنبھال رہے ہیں۔ غلام حسن، جو جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ سے تعلق رکھتے ہیں، جموں و کشمیر ایڈمنسٹریٹو سروس (JKAS) کے تجربہ کار افسر ہیں۔ ان کا وسیع انتظامی تجربہ اور تعلیمی ترقی سے گہرا وابستگی انہیں جے کے بورڈ کی قیادت کے لیے موزوں بناتا ہے۔کشمیر پریس سروس کے موصولہ بیان کے مطابق پی ایس اے جے کے، کے صدر جی این وار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ’’ ہم غلام حسن شیخ کو جے کے بورڈ کے سیکریٹری کے طور پر تقرری پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ان کا شاندار انتظامی تجربہ اور عوامی خدمات سے لگائو قابل ستائش ہے۔انہوں نے کہا ہے ’’ ہمیں امید ہے کہ ان کی قیادت میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو فیصلہ سازی میں موثر طور پر شامل کیا جائے گا”۔ انہوں نے تعلیمی شعبے کو درپیش اہم مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا، “گزشتہ عرصے میں طلبہ اور تعلیمی اداروں کو کئی سنگین چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا ہے، جن میں امتحانی فارموں کی مستردگی، رول نمبر سلپس کی عدم فراہمی، نصاب سے باہر سوالات، درسی کتب میں غلطیاں اور دیگر مسائل شامل ہیں، جو طلبہ اور اسکول انتظامیہ دونوں کے لیے مشکلات پیدا کر رہے ہیں”.پی ایس اے جے کے، کی ایگزیکٹو باڈی، ضلعی صدور اور عام اراکین غلام حسن شیخ کے ساتھ تعلیمی مسائل کے حل کے لیے تعمیری تعلقات استوار کرنے کے لیے پرامید ہیں۔ ایسوسی ایشن کو توقع ہے کہ نئے سیکریٹری طلبہ کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے اور امتحانی عمل کو شفاف اور موثر بنانے کے لیے فوری اقدامات کریں گے۔ پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن جموں و کشمیر تعلیمی بہتری کے لیے جے کے بورڈ کے ساتھ بامعنی بات چیت کا عزم دہراتا ہے اور سیکریٹری غلام حسن کی قیادت میں تعلیمی نظام میں مثبت اصلاحات کی امید رکھتا ہے۔