’’بھارت اب خاموشی سے ظلم سہنے والا ملک نہیں رہا‘‘ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ
سرینگر// یو این ایس//وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے پاکستان کو دہشت گردی اور اشتعال انگیزی کے حوالے سے سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اب وہ ملک نہیں رہا جو خاموشی سے حملے برداشت کرتا رہے، بلکہ اگر دوبارہ کوئی اشتعال انگیزی کی گئی تو اس کا فیصلہ کن اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔راجستھان کے ناگور ضلع کے میرٹھا قصبے میں راجپوت حکمران راؤ دودا کے مجسمے کی نقاب کشائی کے بعد ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیر دفاع نے کہا کہ حالی آپریشن سندورنے پاکستان کو ایک واضح پیغام دے دیا ہے کہ بھارت اپنی سلامتی اور شہریوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔یو این ایس کے مطابق انہوں نے کہا’’شاید پاکستان اب دوبارہ بھارت کو دشمنی کی نظر سے دیکھنے کی ہمت نہ کرے، لیکن میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ اگر اس نے دوبارہ ایسا کیا تو وہ ہوگا جو آج تک نہیں ہوا۔‘‘ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ بھارت کی پالیسی ہمیشہ سے یہ رہی ہے کہ وہ کسی کو اشتعال نہ دلائے، مگر اگر کوئی بھارت کو للکارے یا اس کے شہریوں پر حملہ کرے تو اسے چھوڑا بھی نہیں جائے گا۔اپنے خطاب میں انہوں نے گزشتہ برس 22 اپریل کو پہلگام میں ہونے والے دہشت گرد حملے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں نے لوگوں کو ان کے مذہب کے بارے میں پوچھ کر نشانہ بنایا، جو بھارتی تہذیب اور انسانیت کے اصولوں کے خلاف ہے۔انہوں نے کہا، ‘‘بھارتی ثقافت ہمیں سکھاتی ہے کہ ذات پات یا مذہب کی بنیاد پر کوئی تفریق نہیں ہونی چاہیے۔ ہم انصاف اور انسانیت پر یقین رکھتے ہیں، لیکن پاکستان سے آئے دہشت گرد لوگوں کو ان کا مذہب پوچھ کر گولیاں مار رہے تھے۔وزیر دفاع نے کہا کہ اس واقعے کے بعد پورے ملک میں شدید غم و غصہ پایا جاتا تھا اور حکومت نے ایسا سخت جواب دیا کہ دشمن حیران رہ گیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھارت نے دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ اب وہ خاموش رہنے والا ملک نہیں رہا۔انہوں نے کہا’’اگر کوئی ہمارے شہریوں پر حملہ کرے گا تو ہم اس کے گھروں میں گھس کر جواب دیں گے۔ کوئی سرحد ہمیں روک نہیں سکتی۔‘‘بھارتی وزیر دفاع نے دہشت گردی کے خلاف حکومت کی ‘‘زیرو ٹالرنس’’ پالیسی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں بھارت کی دفاعی حکمت عملی میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔ انہوں نے 2016 کی سرجیکل اسٹرائیکس اور 2019 کے بالا کوٹ فضائی حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت اب دہشت گردی کے خلاف صرف دفاعی انداز اختیار نہیں کرتا بلکہ ضرورت پڑنے پر جارحانہ کارروائی سے بھی گریز نہیں کرتا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی مسلح افواج ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں اور حکومت قومی سلامتی کے معاملے پر کسی قسم کی نرمی اختیار نہیں کرے گی۔سیاسی مبصرین کے مطابق راجناتھ سنگھ کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب خطے میں سیکورٹی صورتحال، سرحدی کشیدگی اور دہشت گردی کے معاملات ایک بار پھر بحث کا موضوع بنے ہوئے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی قیادت حالیہ برسوں میں دہشت گردی اور سرحد پار حملوں کے معاملے پر زیادہ سخت اور جارحانہ مؤقف اختیار کرتی دکھائی دے رہی ہے۔










