In the cities and villages of the valley, stray dogs are a bane for people

وسطی ضلع بڈگام میں آوارہ کتوں کی ہڑبونگ ، 15افراد پر حملہ

ایک شدید طور پر زخمی ، علاج کیلئے سرینگر منتقل ، علاقے میں خوف و دہشت کا ماحول

سرینگر // وسطی ضلع بڈگام میں آوارہ کتوں نے 15افراد پر حملہ کرکے زخمی کر دیا جن میں سے ایک کو علاج کیلئے سرینگر منتقل کیا گیا ۔ ادھر آوارہ کتوں کے بڑھتے حملوں کے نتیجے میں مقامی آبادی میں خوف و دہشت کی لہر پھیل چکی ہے ۔ سی این آئی کو بڈگام سے نمائندے نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ مین قصبہ میں آوارہ کتوں نے 15افراد پر حملہ آور ہوکر انہیں زخمی کر دیا ۔ نمائندے نے عین شاہدین کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ آوارہ کتے اچانک علاقے میں نمودار ہوئے اور انہوں نے ایک درجن سے زائد افراد کو نشانہ بنا کر ان پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئے ۔ انہو ں نے کہا کہ تمام زخمیوں کو فوری طور پر طبی علاج کیلئے بڈگام ضلع اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ ایک شخص کی حالت تشویشناک ہے، جسے جدید نگہداشت کیلئے سرینگر کے ایس ایم ایچ ایس اسپتال ریفر کیا گیا۔بڈگام اسپتال کے ایک سنیئر عہدیدار نے اس کی تصدیق کی کہ ایک شخص کو شدید زخمی حالت میں سرینگر اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ادھر آوارہ کتوں کے بڑھتے حملوں کے نتیجے میں مقامی لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔مقامی لوگوں نے ضلع میں آوارہ کتوں کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آوارہ کتوں کی بڑھتی آبادی کے باعث ان کا گھروں سے باہر نکلنا محال ہو گیا ہے اور انہوں نے مطالبہ کیا کہ انہیں اس سے نجات دلانے کیلئے فوری کارورائی انجام دی جائے ۔