dooran

وزیر زراعت نے بانڈی پورہ میں مدر بلاک کا اِفتتاح کیا اور

ہارٹی کلچر فروٹ پلانٹ نرسری میں شجرکاری مہم کا آغاز کیا

بانڈی پورہ// وزیربرائے زراعت، دیہی ترقی و پنچایتی راج جاوید احمد ڈار نے ہارٹی کلچر فروٹ پلانٹ نرسری بانڈی پورہ میں مدر بلاک کا اِفتتاح کیا اور شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔وزیر کے ہمراہ ممبر قانون ساز اسمبلی بانڈی پورہ نظام الدین بٹ ، رُکن قانون ساز اسمبلی گریز نذیر احمد خان گریزی، ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ، ڈائریکٹر ہارٹی کلچر کشمیراور چیف ہارٹی کلچر آفیسر بانڈی پورہ بھی تھے۔اِس موقعہ پر وزیر موصوف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زرعی ترقی کے بغیر زراعت کے شعبے کو خوشحالی کی طرف لے جانا ممکن نہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ہماری بنیادی ذمہ داری ہے کہ زراعت کو جدید، مؤثر اور پیداواری طور پر مزید مستحکم بنایا جائے۔ اِس مقصد کے لئے جدید سائنسی اور تکنیکی طریقوں کو فروغ دینا ضروری ہے تاکہ زرعی سرگرمیوں میں مزید ترقی اور بہتری لائی جا سکے۔جاوید احمد ڈارنے کہا کہ باغبانی شعبے میں ہائی ڈینسٹی فارمنگ متعارف کرنے کے بعد مقامی سطح پر معیاری اور اعلیٰ قسم کے فروٹ پلانٹ مواد کی تیاری ناگزیر ہو چکی ہے۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ اِس چیلنج سے نمٹنے کے لئے سائنسی اور تکنیکی جانکاری کے ساتھ لگن اور عزم کا ہونا ضروری ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ہائی ڈینسٹی فارمنگ ایک گیم چینجر ہے جو کاشتکار کمیونٹی کی معاشی و سماجی ترقی میں مددگار ثابت ہوگا۔ اِس سے پیداوار کی مقدار میں کئی گنا اضافہ سے اعلیٰ معیار کے پھلوں کی پیداوار بھی ممکن ہوگی۔وزیر موصوف نے اعلیٰ کثافت والے باغات کے قیام کی بڑھتی ہوئی مانگ کے پیش نظر کہا کہ ہمیں معیاری اعلیٰ کثافت والے پھلوں کے پودوں کے مواد کی فراہم کر کے مانگ کو پورا کرنا ہوگا۔اُنہوں نے فروٹ پلانٹ نرسری بانڈی پورہ میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز کیا اور اِس بات پر زور دیا کہ ہمیں ماحول اور قدرتی وسائل کے تحفظ کے لئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے چاہئیں۔اُنہوں نے کہا کہ ہمارا فرض ہے کہ ہم جنگلات اور سبزے کی حفاظت کریں تاکہ ماحولیات کو محفوظ رکھا جا سکے۔