کہا، ہر گھر کو محفوظ اور صاف پانی کو یقینی بنائیں اور 5 ایم جی ڈِی ڈبلیو ٹی پی پر کام تیز کریں
گاندربل//وزیر جل شکتی جاوید احمد رانا نے گاندربل میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ (ڈبلیو ٹی پی) رنگل کا معائینہ کیا اور اِس کے کام کاج کا جائزہ لیا۔ اُنہوںنے پلانٹ کے مختلف یونٹوں کا معائینہ کیا اور فلٹریشن ، گھروں کو پانی کی فراہمی، ذخیرۂ کرنے کی گنجائش، پانی کے ذخائر، پمپ روم اور واٹر ٹیسٹنگ لیبارٹریوںجیسے ہر یونٹ کے کام کاج کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔اِس موقعہ پروزیر موصوف کوجانکاری دی گئی کہ رنگل کے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس سری نگر شہر، ضلع گاندربل اور ضلع بارہمولہ کے کچھ علاقوں کی ایک بڑی آبادی کو پینے کا صاف پانی فراہم کرتے ہیں۔جاوید احمد ڈار نے رنگل میں 20 ملین گیلن یومیہ (ایم جی ڈِی) اور 10 ایم جی ڈی آبی ذخائر کا معائینہ کرتے ہوئے کہا کہ قدرت نے وادی کو وافر آبی وسائل سے نوازا ہے اور ان کی حفاظت اور آلودگی سے پاک رکھنا ہماری اوّلین ذمہ داری ہے۔اُنہوںنے مزید بہتری کے لئے تجاویز پیش کرتے ہوئے اَفسروں پر زور دیا کہ وہ پانی کے ٹینکوں کا باقاعدگی سے معائینہ کریں اور اُنہیں رنگل ڈبلیو ٹی پی کے تمام اطراف کو پانی کی کسی بھی ممکنہ آلودگی سے پاک رکھنے کے لئے کہا۔وزیر موصوف نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ وہ صارفین کو معیاری پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور پانی کے باقاعدہ ٹیسٹ بھی کئے جائیں۔اُنہوںنے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ کوالٹی بیسڈ پیرامیٹروںکو برقرار رکھتے ہوئے 5 ایم جی ڈی فلٹریشن پلانٹ پر کام میں تیزی لائیں جس سے رنگل پلانٹ کی گنجائش میں مزید اِضافہ ہوگا۔جاوید احمد ڈار نے محکمہ جل شکتی کے افسروں کے کام کی ستائش کرتے ہوئے پانی کی فراہمی کے مؤثر اِنتظام اور ہر گھر کو پینے کے صاف پانی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت جل جیون مشن (جے جے ایم) کے تحت ہر گھر کو پینے کے پانی کے نل کنکشن فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے اور لوگوں کو اِس سکیم سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اُٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔چیف اِنجینئرمحکمہ جل شکتی کشمیر برہم جیوتی شرما نے دیگر افسران کے ہمراہ 20 ایم جی ڈی اور 10 ایم جی ڈی ڈبلیو ٹی پی کے کام کاج اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں جانکاری دی۔اُنہوں نے وزیرموصوف کو بتایا کہ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ بہت اہمیت کا حامل ہے کیوں کہ یہ سری نگر ، گاندربل اور بارہمولہ اَضلاع کی مختلف آبادیوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ 5 ایم جی ڈِی واٹر فلٹریشن پلانٹ پر کام جاری ہے اور اسے مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لئے اَقدامات بھی جاری ہے۔










