جموں//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ ایک تقریب میں سال 2025 کے کلینڈر اور محکمہ سیاحت جموں و کشمیر کی طرف سے بنائے گئے ٹریکنگ نقشوں کی نقاب کشائی کی ۔ لانچنگ تقریب میں وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی ، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری دھیرج گپتا ، کمشنر سیکرٹری سیاحت یشا مدگل ، کشمیر اور جموں کے ڈائریکٹر ٹورازم اور دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی ۔ تقریب کے دوران وزیر اعلیٰ نے سال 2025 کیلئے وال کلینڈر ، ٹیبل کلینڈر اور مختلف قدرتی اور سیاحتی مقامات پر مشتمل ٹریکنگ نقشے کا اجراء کیا جس سے جموں اور کشمیر کی سیاحت کی بھر پور صلاحیت کو اجاگر کیا گیا ۔ کلینڈرز خطے کے دلکش مناظر ، ثقافتی ورثے اور سیاحتی خزانوں کی نمائش کرتے ہیں ۔ محکمہ سیاحت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے جموں اور کشمیر کو ایک اہم سیاحتی مقام کے طور پر فروغٖ دینے کیلئے ایسے اقدامات کی اہمیت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا یہ کلینڈر اور ٹریکنگ کے نقشے لوگوں کو خطے کے شاندار سیاحتی مقامات اور ٹریکنگ کے راستوں کے بارے میں ضروری معلومات فراہم کرنے میں قیمتی ٹولز کے طور پر کام کریں گے ۔ یہ اقدام بلاشبہ ہماری ریاست کی جانب سے پیش کردہ قدرتی خوبصورتی اور مہم جوئی کے مواقع کی تلاش کرنے کیلئے مزید زائرین کو راغب کرنے میں مدد کرے گا ۔










