مرکزی حکومت نے مالی برس 2024-25 ء کیلئے خصوصی پی ایم اے وائی ۔ جی پروجیکٹ کے تحت 85 مکانات کی تعمیر کی منظوری دی
جموں / /مرکزی حکومت نے پردھان منتری آواس یوجنا گرامین (پی ایم اے وائی۔جی) کے تحت ضلع کشتواڑ کی وادی وروان کے ملوارون گاؤں میں آتشزدگی کے متاثرین کو رہائشی اِمداد فراہم کرنے کے لئے ایک خصوصی پروجیکٹ کو منظوری دی ہے۔گزشتہ برس 15؍ اکتوبر کو لگنے والی تباہ کن آگ نے متعدد مکانات کو تباہ کیا تھا جس سے متعدد کنبے بے گھر ہو گئے تھے ۔ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، جنہوں نے 16 ؍اکتوبر کو عہدہ سنبھالا، نے اَگلے دِن فوری طور پر متاثرہ علاقے کا دورہ کیا اور متاثرین کو طویل مدتی بحالی کی یقین دہانی کی ۔ اُنہوں نے ان کنبوں کو اَپنے گھروں کی تعمیر نو اور اُن کی زندگی کو بحال کرنے میں مدد کے لئے مرکزی حکومت سے مدد حاصل کرنے کا بھی وعدہ کیا۔اِس خصوصی ہاؤسنگ پیکیج کی منظوری وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی مرکزی حکومت سے اپیل کے بعد دی گئی ہے جس میں متاثرہ کنبوںکی طویل مدتی بازآبادکاری کے لئے اِضافی مالی اِمداد کی درخواست کی گئی تھی۔وزیراعلیٰ نے پی ایم اے وائی۔جی کے تحت ہاؤسنگ اِمداد کی فوری ضرورت پر زور دیا تاکہ کنبوں کو اَپنے گھروں کی تعمیر نو اور معمول پر آنے میں مدد کی جاسکے ۔اِس سلسلے میں وزارت دیہی ترقی، محکمہ دیہی ترقی (رورل ہاؤسنگ ڈویژن) نے جموں و کشمیر یو ٹی حکومت کے سیکرٹری دیہی ترقی محکمہ کو باضابطہ طور پر اِس منظوری سے آگاہ کیا ہے۔مواصلات کے مطابق مالی برس2024-25 ء کے لئے خصوصی پروجیکٹ کے تحت 85 مکانات (جن میں پہلے پی ایم اے وائی ۔جی سے فائدہ اٹھانے والے 7 اَفراد بھی شامل ہیں) مختص کئے گئے ہیں۔










