وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے نوگام دھماکے میںمتاثرہ کنبوںکے اَفراد سے ملاقات کی اورمکمل تعاون کی یقینی دہانی کی

سری نگر//وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کے روز نوگام پولیس سٹیشن میں حالیہ حادثاتی دھماکے میں جاں بحق ہو ئے اَفراد کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی۔وزیر اعلیٰ ایچ ایم ٹی زینہ کوٹ میں اعجاز افضل میر، بمنہ میں محمد امین میر ، قمرواری میں شوکت احمد بٹ ،نٹی پورہ میں سہیل احمد راتھراور وانہ بل میں محمد شفیع پرے کے گھرگئے اور اُن کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔اُنہوں نے ناقابلِ تلافی نقصان پر گہرے دُکھ کا اِظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کے لئے دُعا کی۔ اُنہوں نے لواحقین کو یہ صدمہ عظیم برداشت کرنے کی ہمت و صبر کے لئے بھی دُعا کی۔وزیر اعلیٰ نے گہرے دُکھ کا اِظہار کرتے ہوئے کہا،’’یہ المناک واقعہ ہمارے درمیان سے ایسے باصلاحیت ،مخلص اور فرض شناس افراد کو لے گیا جو خلوص اور بہادری کے ساتھ لوگوںکی خدمت کر رہے تھے۔ اُن کا نقصان پورے جموں و کشمیر کا نقصان ہے۔‘‘اُنہوں نے لواحقین کو یقین دِلایا کہ حکومت دُکھ کی اِس گھڑی میں اُن کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑی ہے ۔ اُنہوں نے کہا،’’ہم اِس ناقابلِ بیان تکلیف کی گھڑی میں سوگوار کنبوں کو ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔‘‘وزیراعلیٰ نے اہلِ خانہ کو چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کی۔بعد میں اُنہوں نے نوگام میں اُجالا سگنس ہسپتال کادورہ کیا اور وہاںزخمیوں کی عیادت کی۔ اُنہوں نے اُن کی طبی حالت کا جائزہ لیا اور ڈاکٹروں و تیمارداروں سے بات چیت کی۔اُنہوں نے بہترین علاج کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا، ’’ہر زخمی شخص کو بہترین طبی نگہداشت فراہم کی جائے۔ اُن کی صحت ہماری فوری ترجیح ہے۔‘‘وزیراعلیٰ کے ہمراہ اُن کے مشیر ناصر اسلم وانی،رُکن قانون ساز اسمبلی چھانہ پورہ مشتاق احمد گورواور دیگر متعلقہ اَفسران بھی تھے۔