وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ’رابطہ دفتر ‘ کے کام کاج کا جائزہ لیا

وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ’رابطہ دفتر ‘ کے کام کاج کا جائزہ لیا

گروپ آف کنسٹرنڈسٹیزنز نے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور میمورنڈم پیش کیا

سری نگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سری نگر میں چیف منسٹر پبلک سروسز اینڈ آئوٹ ریچ آفس’’رابطہ‘‘ کے کام کاج کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی تاکہ عوامی شکایات کو مؤثر طریقے سے حل کرنے میں اِس کے رول کو مضبوط بنایا جاسکے۔ دورانِ میٹنگ وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ عوامی مسائل کے فوری اور مؤثر اَزالے کو یقینی بنانے کے لئے ضلعی سطح پر ’رابطہ ‘نوڈل آفیسر مقرر کئے جائیں۔ انہوں نے عوام سے براہ راست رابطے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومتی اقدامات اور شکایات کے ازالے کا طریقہ کار ہر شہری کے لئے قابل رسائی ہو۔دفتر کے کام کاج کے بارے میں ایک تفصیلی پرزنٹیشن دی گئی جس میں عوامی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لئے کی گئی اہم کامیابیوں اور جاری اقدامات کو اُجاگر کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے شفاف، جوابدہ اور عوامی مفاد پر مبنی حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ شکایات کو بروقت حل کرنے کے لئے زیادہ مؤثر اور نتیجہ خیز طریقہ اَپنایا جائے۔ اُنہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ شکایات کے اَزالے کا معیار بہتر بنایا جائے اور کسی شکایت کو حل شدہ قرار دینے سے قبل اس کا عملی طور پر اَزالہ یقینی بنایا جائے۔وزیر اعلیٰ نے شہریوں کے ساتھ براہ راست روابط کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اَفسروں کوہدایت دی کہ عوامی بیداری مہمات، استفساری عوامی سیشنوںاور ڈیجیٹل پلیٹ فارموں کے ذریعے رَسائی میں اضافہ کیا جائے۔ اُنہوں نے یقین دِلایا کہ اُن کی حکومت عوام کے مسائل سننے اور ان کے حل کے لئے ٹھوس اقدامات اُٹھانے کے لئے پُرعزم ہے۔دریں اثنا، سابق آئی اے ایس آفیسر خورشید احمد گنائی کی قیادت میں گروپ آف کنسٹرنڈسٹیزنز( جی سی سی ) کے ایک وفدنے رابطہ دفتر میں وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور مجوزہ یونائیفائیڈ بلڈنگ بائی لاز (یو بی بی ایل) میں کی جانے والی ترامیم پر اَپنی تشویش کا اِظہار کیا۔اراکین جی سی سی نے وزیر اعلیٰ سے درخواست کی کہ وہ ان مجوزہ ترامیم اور شہری منصوبہ بندی کی پالیسیوں کا جائزہ لیں جو محکمہ مکانات و شہری ترقی نے منتخب حکومت کے اکتوبر میں عہدہ سنبھالنے سے قبل شروع کی تھیں۔وزیر اعلیٰ نے ان کے اعتراضات بغور سنا اور یقین دِلایا کہ حکومت ان اعتراضات کا جائزہ لے گی اور کسی بھی پالیسی کی منظوری سے قبل شہری ترقی سے متعلق دیگر پالیسیوں کا باریک بینی سے جائزہ لے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ کسی بھی قانون سازی یا پالیسی کو حتمی شکل دینے سے قبل تمام شراکت داروںسے مشاورت کی جائے گی۔