این سی سی سپیشل اِنٹگریشن کیمپ سے خطاب
سری نگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ملک بھر سے آئے ہوئے نیشنل کیڈیٹ کور (این سی سی ) کے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ جموں و کشمیر میں اَپنے مثبت تجربات کو اَپنے گھروں، ریاستوں اور کمیونٹیوں میں اشتراک کریں اور امن و اتحاد اور ہم آہنگی کے سفیر بنیں۔اُنہوں نے اِن باتوں کا اظہار بادامی باغ چھاؤنی میں منعقدہ این سی سی سپیشل اِنٹگریشن کیمپ۔ 2025 کے دوران ایک ثقافتی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔یہ 12 روزہ کیمپ قومی یکجہتی اور نوجوانوں کے درمیان ثقافتی تبادلے کے فروغ کے مقصد سے منعقد کیا جا رہا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا،’’میں آپ سے اپیل کرتا ہوں کہ آپ واپس جا کر ہمارے سفیر بنیں۔ اَپنے کنبوں، دوستوں اور کمیونٹیوں کو اس جموں و کشمیر کے بارے میں بتائیں جو آپ نے خود دیکھا،یہاں کے لوگوں کی محبت، اس کی ثقافت کی خوبصورتی اورسرخیوں سے بالاتر حقیقت۔‘‘اُنہوں نے حالیہ بیسئرن دہشت گرد حملے میں 26 بے گناہ جانوں کے ضیاع پر دُکھ کا اِظہار کرتے ہوئے کہا،’’یہ سال وہ درد لے آیا جس کی ہم نے کبھی توقع نہیں کی تھی۔ لیکن ہر تاریک رات کے بعد روشنی آتی ہے، ہر سرنگ کے آخر میں روشنی ہوتی ہے۔‘‘

وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے این سی سی حکام پر زور دیا کہ وہ آئندہ ایسے کیمپس منعقد کریں جن میں کیڈٹوں کو ٹرین کے ذریعے سفر بھی کرایا جائے۔اُنہوں نے کہا،’’انہیں وہ اِنجینئرنگ کے عظیم کارنامے دِکھائیے جو وادی کو ملک کے دیگر حصوں سے جوڑتے ہیں۔ یہ ایک متاثر کن سفر ہوگا۔‘‘اُنہوںنے کیڈٹوں کی شاندار ثقافتی پرفارمنس پر سراہتے ہوئے کہا،’’آپ نے ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں ہمیں کشمیر کی برفانی بلندیوں سے لے کر کیرالہ کے دھوپ زدہ ساحلوں تک پہنچا دیا۔ آپ کی محنت، نظم و ضبط اور صلاحیت قابلِ ستائش ہے۔‘‘اُنہوں نے اَپنے سکول کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ایسے کیمپوں میں بننے والے رِشتے عمر بھر قائم رہتے ہیں۔اُنہوں نے کہا،’’یہ لمحات قیمتی ہوتے ہیں۔ ان کی قدر کیجیے، یہ آپ کی زِندگی کے بہترین خزانے ہوں گے۔‘‘

وزیر اعلیٰ نے ہندوستان کی ’’وحدت میں کثرت’’ کی طاقت کو اُجاگر کرتے ہوئے آئین ہند کے اِبتدائی الفاظ ’’ہم،ہندوستان کے لوگ‘‘ کا حوالہ دیا۔اُنہوں نے کہا،’’ہم اَپنے اختلافات کے باوجود نہیں بلکہ ان کی وجہ سے متحد ہیں۔ ہماری اصل طاقت ہمارے اتحاد میں ہے۔‘‘اُنہوں نے کہا کہ یہ اِنٹگریشن کیمپس صرف تربیت یا ثقافتی مظاہرے نہیں بلکہ ہندوستان کی جیتی جاگتی روح ہیںجو عوام کے درمیان اٹوٹ جذباتی اور جسمانی ربط کی علامت ہیں۔اُنہوں نے خطاب کے اختتام پر کیڈٹوں کا شکریہ اَدا کیا اور کہا،’’آپ نے ہندوستان کو جسمانی طور پر جوڑا ہے، اب میں چاہتا ہوں کہ آپ اسے جذباتی طور پر بھی جوڑتے رہیں۔‘‘

تقریب میں وزیر سکینہ اِیتو ، ستیش شرما، وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، میجر جنرل انوپندر بیولی (ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل، این سی سی ڈائریکٹوریٹ جموں و کشمیر و لداخ)،وائس چانسلر کلسٹر یونیورسٹی کشمیر، فوج کے اعلیٰ اَفسران، ملک کی مختلف ریاستوں اور یونین ٹیریٹریوںسے آئے ہوئے این سی سی کیڈٹ اور دیگر معززین نے شرکت کی۔










