وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے احمد آباد میں ٹریول اینڈ ٹوراِزم میلے کا اِفتتاح کیا

وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے احمد آباد میں ٹریول اینڈ ٹوراِزم میلے کا اِفتتاح کیا

وزیر اعلیٰ نے سیاحوں کو کشمیر کی سیر کی دعوت دی اور جموںوکشمیر کی سال بھر کی سیاحتی پُر کشش کو اُجاگر کیا

گاندھی نگر ( گجرات)// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ملک بھر کے سیاحوں کو جموں و کشمیر کی بے مثال خوبصورتی، بھرپور ثقافت اور پرخلوص مہمان نوازی سے لطف اندوز ہونے کی پرزور دعوت دی۔وزیر اعلیٰ نے اِن باتوں کا اِظہار آج گجرات کے گاندھی نگر میں مہاتما مندر کنونشن اینڈ ایگزی بیشن سینٹر میں منعقدہ ٹریول اینڈ ٹورازم فیئر (ٹی ٹی ایف) کی اِفتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔اُنہوں نے جموں و کشمیر کی بے پناہ صلاحیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ خطہ سال بھر سیاحوں کو متنوع تجربات فراہم کرتا ہے۔ اُنہوں نے گجرات اور جموں و کشمیر کے درمیان بڑھتے ہوئے سیاحتی روابط کا ذکر کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت جموں و کشمیر کو ایک متحرک اور ہرموسم کی سیاحتی منزل کے طور پر فروغ دینے کے لئے پُرعزم ہے۔

وزیراعلیٰ کے ہمراہ مشیر ناصر اسلم وانی، رُکن قانون ساز اسمبلی پہلگام الطاف احمد وانی اور ممبر اسمبلی گلمرگ فاروق احمد شاہ بھی تھے۔ اِس تقریب میںوزیر سیاحت گجرات ملوبھائی بیرا مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے۔تقریب میں جموں و کشمیر حکومت کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے جن میں وزیراعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری دھیرج گپتا اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری سیاحت ڈاکٹر آشیش چندر ورما شامل تھے۔اِس موقعہ پرگجرات حکومت کے افسران جن میں سیکرٹری سیاحت راجندر کمار، کمشنر سیاحت اور منیجنگ ڈائریکٹر، ٹورازم کارپوریشن آف گجرات لمیٹڈپربھاو جوشی بھی موجود تھے۔

وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے ٹریول اینڈ ٹورازم اِنڈسٹری کے نمائندوں سے ملاقات کی اور نمائش ہالوں کا دورہ کرتے ہوئے مندوبین اور کاروباری اَفراد سے گفت شنید کی۔وزیر اعلیٰ نے احمد آباد میں منعقدہ ٹریول اینڈ ٹورازم فیئر(ٹی ٹی ایف )کے موقعہ پر گجرات کے وزیر اعلیٰ بھوپندر پٹیل سے بھی ملاقات کی۔ میٹنگ میں بین الریاستی تعاون کو فروغ دینے، سیاحت کو آگے بڑھانے اور جامع ترقی کے لئے بہترین طریقہ کار کے تبادلے پر توجہ مرکوز کی گئی۔

ٹریول اینڈ ٹورازم فیئر (ٹی ٹی ایف) احمد آبادگجرات کا سب سے بڑا ٹریول ٹریڈ شوجس میں زائد اَز 900 نمائش کنندگان جموں و کشمیر سے 70 سے زیادہ سیاحتی ادارے اور سری لنکا کی بین الاقوامی نمائندگی شامل ہے۔ یہ ایونٹ بی ٹو بی نیٹ ورکنگ اور سیاحتی ترقی کے لئے ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ احمد آباداور اس کا جڑواں شہرگاندھی نگر جو بھارت کے اندرونی اور بین الاقوامی سفر کے اہم مرکزوں میں سے ایک ہے اورآنے والے تہواروں اور سردیوں کے سفر کے سیزن کے لئے ماحول فراہم کر رہے ہیں۔ اِس ایونٹ میں 31؍ جولائی سے 2؍ اگست 2025ء تک تین روزہ ایونٹ کے دوران 12,500 سے زائد تجارتی پیشہ ور افراد کی شرکت متوقع ہے۔

ٹی ٹی ایف احمد آباد میں اس سال جموں و کشمیر سیاحت کی شرکت انتہائی اہم ہے جس میں مہم جوئی، یاترا، ورثے، غیر روایتی سیاحتی مقامات، فلم اور گالف سیاحت سمیت مرکزِ اتحاد کی وسیع سیاحتی صلاحیت کو اُجاگر کیا گیا ہے۔ جموں و کشمیر کا پویلین روایات، قدرتی خوبصورتی اور جدید سفری تجربات کے امتزاج کی وجہ سے توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے جو سیاحوں کو اِس خطے کی بھرپور اور متنوع پیشکشوں کی جھلک پیش کرتا ہے۔ٹی ٹی ایف احمد آباد میں 25 سے زائد بھارتی ریاستیں اور یوٹیز شرکت کر رہے ہیں۔ گجرات کاروباری تقریبات اور نمائشوں کے ایک ابھرتے ہوئے مرکز کے طور پر اپنی پوزیشن مستحکم کر رہا ہے اور ٹی ٹی ایف احمد آباد سفری صنعت کے نیٹ ورکنگ، شراکت داری کے قیام اور کاروباری ترقی کے لئے ایک کلیدی ایونٹ بن چکا ہے۔ یہ ایونٹ جموں و کشمیر کو بھارت اور بیرون ملک سیاحتی مارکیٹ میں اپنے قدم جمانے کے لئے ایک نادر اور منفرد موقعہ فراہم کرتا ہے۔ اس ایونٹ میں جن اہم دیگر شخصیات نے شرکت کی اُن میں ڈائریکٹر کیرالہ ٹورازم شیکھا سریندرن، ڈائریکٹر ٹورازم کشمیرراجایعقوب، منیجنگ ڈائریکٹرجے کے ٹی ڈِی سی شریا سنگھل، ڈائریکٹر ٹورازم جموں وِکاس گپتا، جوائنٹ منیجنگ ڈائریکٹر ٹورازم کارپوریشن آف گجرات لمیٹڈکلدیپ سنگھ ایس جھالا اور متعدد دیگر معزز شخصیات، ٹریول اِنڈسٹری کے رہنمائوں اور ایسو سی ایشنوں کے سربراہاں شامل ہیں۔