وزیر اعظم مودی کا 5 ملکی غیر ملکی دورہ مکمل، اہم معاہدوں کے بعد وطن واپسی

توانائی، دفاع اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں متعدد بین الاقوامی معاہدے طے

سرینگر// یو این ایس// وزیر اعظم نریندر مودی پانچ ممالک کے غیر ملکی دورے کے بعد جمعرات کو وطن واپس پہنچ گئے، جس دوران بھارت نے توانائی، دفاع، اہم معدنیات اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں متعدد اہم معاہدے طے کیے۔یو این ایس کے مطابق وزیر اعظم نے 15 مئی کو اپنا دورہ شروع کیا تھا، جس میں انہوں نے متحدہ عرب امارات، نیدرلینڈز، سویڈن، ناروے اور اٹلی کا دورہ کیا۔ اس دورے کے دوران بھارت نے کئی ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دیتے ہوئے اسٹریٹجک شراکت داریوں کو مضبوط بنایا۔متحدہ عرب امارات میں بھارت اور یو اے ای کے درمیان توانائی اور دفاع کے شعبوں میں اہم معاہدے طے پائے، جبکہ ابو ظہبی نے بھارت میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان بھی کیا۔ اس کے بعد نیدرلینڈز میں دونوں ممالک کے درمیان دفاع، اہم معدنیات اور دیگر شعبوں میں 17 معاہدوں پر دستخط ہوئے اور تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری کی سطح تک بلند کیا گیا۔سویڈن کے دورے میں بھارت اور سویڈن نے ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، دفاع اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ ناروے میں وزیر اعظم نے بھارت،نارڈک سمٹ کے موقع پر مختلف رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں اور توانائی، ماحولیات، ڈیجیٹلائزیشن اور سمندری معیشت جیسے شعبوں میں تعاون پر بات چیت کی۔اٹلی کے دورے کے دوران بھارت اور اٹلی کے درمیان تعلقات کو خصوصی اسٹریٹجک شراکت داری کی سطح تک لے جایا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم مودی کو مختلف ممالک کے اعلیٰ اعزازات سے بھی نوازا گیا جن میں سویڈن کا اعلیٰ ترین شاہی اعزاز اور ناروے کا ممتاز شہری اعزاز شامل ہے۔اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت کی جانب سے بھی وزیر اعظم کو فوڈ سیکیورٹی اور زرعی ترقی میں خدمات کے اعتراف پر خصوصی میڈل سے نوازا گیا۔ ماہرین کے مطابق یہ دورہ بھارت کی عالمی سفارتی پوزیشن کو مزید مستحکم کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔