وزیراعلیٰ نے گاندر بل میں جاری ترقیاتی کاموں اور اسکیموں کے نفاذ کا جائیزہ لیا

گاندر بل میں متعدد سڑک ، بجلی اور پانی کی فراہمی کے منصوبوں کا افتتاح کیا اور اہم منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھا

گاندر بل//وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ نے ضلع گاندر بل میں شہری سہولیات کو بہتر بنانے اور ترقی کے عمل کو تیز کرنے کیلئے کئی اہم بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کا افتتاح کیا اور سنگِ بنیاد رکھا ۔ انہوں نے ڈاک بنگلہ فتح پورہ ۔ گڈورہ روڈ کی اپ گریڈیشن اور چوڑائی کے منصوبے کا افتتاح کیا جس کی لاگت 5.2کروڑ روپے ہے ، جبکہ شیر پتھری بلاک میں مختلف لنک روڈز کی اپ گریڈیشن کے 8.9 کروڑ روپے کے منصوبوں کا بھی افتتاح کیا ۔ اس کے علاوہ انہوں نے ای افتتاح کے ذریعے پینے کے صاف پانی کے کئی بڑے منصوبوں کا افتتاح کیا جن میں 119.16 لاکھ روپے کی لاگت والا ڈبلیو ایس ایس گگن گیر میں 70 ہزار گیلن کی گنجائش والا سلو سینڈ فلٹریشن پلانٹ ، 108.09 لاکھ روپے کی لاگت والا ڈبلیو ایس ایس فراوہ بکنر میں 30 ہزار گیلن کی گنجائش والا سلو سینڈ فلٹریشن پلانٹ بمعہ ریزروائرز اور ٹریٹمنٹ یونٹ اور 121.20 لاکھ روپے کی لاگت والا ڈبلیو ایس ایس ریزن میں 60 ہزار گیلن کی گنجائش والا سلو سینڈ فلٹریشن پلانٹ بمعہ پائپ نیٹ ورک اور متعلقہ بنیادی ڈھانچہ شامل ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے اپنے کانسی چیونسی ڈیولپمنٹ فنڈ ( سی ڈی ایف ) سے واٹر ٹینکرز بھی منظور کئے ، گاندر بل بازار کو رش سے نجات دلانے کا وعدہ کیا اور سونہ مرگ کو ونٹر سپورٹس سرگرمیوں اور سیاحت کیلئے ترقی دینے پر زور دیا ۔ وزیر اعلیٰ نے بعد میں متعدد پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا جن میں گاندر بل ٹاؤن میں384 لاکھ روپے کی تخمینہ لاگت والے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی ری ویمپنگ کے ساتھ این جی ڈی 4 کا مشترکہ پری سیٹلنگ ٹینک ، بٹپورہ لار میں 181.06 لاکھ روپے کی لاگت والا سپرنگ ناگہ محلہ شلار سے ڈب تک جوڑنے والی سڑک کی اپ گریڈیشن ، 172 لاکھ روپے کی لاگت سے نُنر ( ایف پی او پارک ) میں ماڈل فلوری کلچر سینٹر کا قیام اور 308.12 لاکھ روپے کی لاگت سے این ایف ایس ایف مانسبل میں تالابوں کی اپ گریڈیشن شامل ہے ۔ وزیر اعلیٰ کے ہمراہ وزیر صحت و طبی تعلیم ، اعلیٰ تعلیم ، سکول ایجوکیشن محترمہ سکینہ ایتو ، وزیر جل شکتی مسٹر جاوید احمد رانا ، وزیر زراعت مسٹر جاوید احمد ڈار ، وزیر ٹرانسپورٹ مسٹر ستیش شرما ، وزیر اعلیٰ کے مشیر مسٹر ناصر اسلم وانی ، ایم ایل اے کنگن میاں محر علی ، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی گاندر بل ، محکموں کے سربراہان ، ضلعی افسران اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے ۔ یہ منصوبے جل شکتی آر ڈبلیو ایس ڈویژنل گاندر بل ، کے پی ڈی سی ایل گاندر بل اور پبلک ورکس ( آر اینڈ بی ) ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے عمل میں لائے جا رہے ہیں جو حکومت کی انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے اور عوامی بہبود کیلئے عزم کی عکاسی کرتے ہیں ۔ بعد میں وزیر اعلیٰ نے ضلع کا جامع جائیزہ اجلاس کی صدارت کی جس میں ڈپٹی کمشنر گاندر بل نے مختلف شعبوں میں ترقی کے حوالے سے تفصیلی جائیزہ پیش کیا ۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ کسانوں میں فصل بیمہ یوجنا اور دیگر سرکاری اسکیموں کے بارے میں مناسب آگاہی یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے زور دیا کہ پرائمری سکول کی سطح پر ڈراپ آؤٹ ریٹ کو صفر کیا جائے اور ایسے کیسز میں اساتذہ کو تعینات کیا جائے تا کہ مسئلے کی جڑ کا پتہ چلایا جا سکے ۔ انہوں نے یہ بھی جاننے کی ہدایت دی کہ کیا سمارٹ کلاس رومز کے متعارف ہونے سے تعلیم کے معیار میں حقیقی بہتری آئی ہے یا نہیں ۔ انہوں نے محکمہ صحت کو ہدایت دی کہ ہسپتال ڈیولپمنٹ فنڈ سے خریدی گئی ایمبو لینس کی رجسٹریشن فوری مکمل کر کے اسے بغیر کسی تاخیر کے اپریشنل بنایا جائے ۔ اسی طرح انہوں نے محکمہ صحت اور آر اینڈ بی الیکٹرک ونگ کو حکم دیا کہ خریدی گئی سی ٹی اسکین مشین کے زیر التوا سول اور برقی کام جلد مکمل کر کے اسے جلد سے جلد اپریشنل بنایا جائے ۔ انہوں نے گاندر بل میں ٹریفک کنجیشن کے مسئلے کو فوری حل کرنے پر زور دیا اور ڈپٹی کمشنر کو ہدایت دی کہ آر اینڈ بی ڈیپارٹمنٹ سے مشاورت کر کے ایک مثالی طویل مدتی حل تیار کیا جائے ۔ انہوں نے فنڈز کے استعمال میں تیزی ، لیپس ہونے سے بچاؤ اور غیر ضروری اخراجات میں کمی پر بھی زور دیا ۔
وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ سونہ مرگ کو کشمیر میں گلمرگ اور پہلگام کے علاوہ ایک اور بڑا موسم سرما سیاحت کا مقام بنانے کیلئے تمام ضروری کوششیں کی جائیں ۔ انہوں نے چیف ایگزیکٹو آفیسر سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو بھی ہدایت دی کہ سونہ مرگ کے ماحولیاتی طور پر نازک علاقے میں کسی بھی غیر قانونی تعمیرات کی جانچ پڑتال کر کے انہیں روکا جائے ۔ ضلع میں پانی کے ٹینکرز کی مقامی مانگ کے جواب میں انہوں نے گاندر بل کیلئے اپنے سی ڈی ایف فنڈز سے دو واٹر ٹینکرز منظور کئے ۔ دورے کے دوران وزیر اعلیٰ نے مختلف محکمانہ کامیابیوں اور مستفیدین اسکیموں کی نمائش کرنے والے سلسلہ وار سٹالز کا معائینہ کیا ۔ وزیر اعلیٰ نے فلاحی مراعات بھی تقسیم کیں جن میں بی او سی ڈبلیو ویلفئیر اسکیموں کے تحت 10 انفرادی چیک اور ایک گرانڈ چیک شامل تھے ۔ وزیر اعلیٰ نے ضلع ہسپتال گاندر بل کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سی ڈی ایف کے تحت خریدی گئی ایک جدید الٹرا ساؤنڈ مشین کا افتتاح کیا اور اسے عوام کیلئے وقف کیا ۔