social media

وزیراعظم نے سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ کے دور میں بھی

پورے ملک کو جوڑنے میں ریڈیو کی طاقت کو اْجاگر کیا

سرینگر//وزیراعظم مودی نے بتایا کہ آیوش کی وزارت نے آیوروید، سدّھا اور یونانی میڈیسن کے تعلق سے ڈیٹا اور اصطلاحات کی زمرہ بندی کی ہے اور اس میں عالمی صحت تنظیم نے معاونت کی ہے۔وائس آف انڈیا کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ اِس طرح آیوروید، یونانی اور سدّھا میڈیسن کے شعبے میں بیماری اور علاج معالجے سے متعلق اصطلاحات کی کوڈنگ کی گئی ہے اور اب اس کوڈنگ کی مدد سے سبھی ڈاکٹر اپنے نسخے یا پرچی پر ایک ہی طرح کی زبان لکھ سکیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ کے دور میں بھی ریڈیو پورے ملک کو جوڑنے کا ایک طاقتور وسیلہ ہے۔رائے دہندگان کے قومی دن کے بارے میں بات کرتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ ملک میں تقریباً 96 کروڑ ووٹر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعداد امریکہ کی مجموعی آبادی کا قریب قریب تین گْنا اور پورے یوروپ کی آبادی کے ڈیڑھ گْنا سے بھی زیادہ ہے۔ جناب مودی نے ملک میں جمہوری اقدار کو مستحکم بنانے کی خاطر انتخابی کمیشن کی لگاتار کوششوں کی ستائش کی۔ جناب مودی نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ جہاں ایک طرف کئی ملکوں میں ووٹنگ کا فیصد کم ہورہا ہے، وہیں بھارت میں یہ تعداد لگاتار بڑھ رہی ہے۔ جناب مودی نے پہلی بار ووٹ دینے کے اہل افراد پر زور دیا کہ وہ ووٹر فہرستوں میں آن لائن اپنا نام شامل کرائیں۔ اس کے لیے وہ نیشنل ووٹر سروس پورٹل اور ووٹر ہیلپ لائن ایپ کا استعمال کرسکتے ہیں۔ وزیراعظم نے مجاہد آزادی پنجاب کیسری لالہ لاجپت رائے اور فیلڈ مارشل KM Cariappa کو آج اْن کی جینتی پر یاد کیا۔ کھیلوں کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کچھ دن پہلے ہی چنئی میں کھیلو انڈیا یوتھ گیمز کا آغاز ہوا اور ملک بھر کے 5 ہزار سے زیادہ کھلاڑی اِس میں حصہ لے رہے ہیں۔جناب مودی نے کہا کہ وہ کل ہونے والے پریکشا پہ چرچا کے ساتویں پروگرام کے منتظر ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس سے انہیں طلبا سے بات کرنے اور امتحان سے متعلق اْن کا تناؤ دور کرنے کا موقع ملتا ہے۔