وادی اور ڈوڈہ میںگرفتار 22قیدی آگرہ سینٹرل جیل منتقل

سرینگر//وادی اور ڈوڈہ سے پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کئے گئے22قیدیوں کو آگرہ جیل اترپردیش منتقل کیاگیا ہے۔ کے این ایس کے مطابق مرکزی زیر انتظام خطہ میں گرفتارکئے گئے 22افراد پر پبلک سیفٹی ایکٹ عائد کیاگیا اور حکومت نے گزشتہ روز آرڈر زیر نمبرPB-V/776 بتاریخ16/10/2021کے تحت ان قیدیوں کو سخت سیکورٹی والے آگرہ جیل اترپردیش منتقل کیاہے۔ 22قیدی سینٹرل جیل جموں کوٹ بلوال، ضلع جیل ادھمپور اور ضلع جیل کٹھوعہ میں2020سے 2021تک نظربند تھے۔ سول سیکریٹریٹ سرینگر میں محکمہ داخلہ کے احکامات کے مطابق ’’انڈر سیکشن 10-Bکے ذریعہ حاصل خصوصی اختیارات کی رو سے جموں وکشمیر پبلک سیفٹی ایکٹ1978کے تحت حکومت یہ ہدایت دیتی ہے کہ جموںو کشمیر پبلک سیفٹی ایکٹ 1978کے تحت نظربند22قیدیوںکو سینٹرل جیل آگرہ اترپردیش منتقل کیاجائے ۔ 22قیدیوں میں9ضلع اننت ناگ،8ضلع پلوامہ،3ضلع کولگام اور ایک ایک ضلع ڈوڈہ اور بارہمولہ شامل ہیں۔