nasir aslam wani

نیشنل کانفرنس اپنے منشور کے وعدوں کو پورا کرنے اور خطے میں خاطر خواہ تبدیلی لانے کیلئے پُر عزم / ناصر اسلم وانی

عوام نے ہمیں پانچ سال کیلئے منتخب کیا ،ابھی دو ماہ اور چند دن ہوئے ، کسی کو احتجاج کرنے کی ضرورت نہیںہوگی

سرینگر // نیشنل کانفرنس اپنے منشور کے وعدوں کو پورا کرنے اور خطے میں خاطر خواہ تبدیلی لانے کا عزم رکھتی ہے کی بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی نے کہا کہ عوام نے ہمیں پانچ سال کیلئے منتخب کیا ہے۔ ابھی دو مہینے اور چند دن ہوئے ہیں۔ ہمارے منشور کا ہر وعدہ پورا کیا جائے گا۔ سی این آئی کے مطابق میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے مشیر ناصر اسلم وانی نے دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد کیے گئے وعدوں پر اپوزیشن کی تنقید کو مسترد کردیا۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس اپنے منشور کے وعدوں کو پورا کرنے اور خطے میں خاطر خواہ تبدیلی لانے کا عزم رکھتی ہے۔انہوں نے کہا ’’عوام نے ہمیں پانچ سال کے لیے منتخب کیا ہے۔ ابھی دو مہینے اور چند دن ہوئے ہیں۔ ہمارے منشور کا ہر وعدہ پورا کیا جائے گا۔ ‘‘ مشیر نے عمر عبداللہ کی قیادت میں نیشنل کانفرنس کی طرف سے پروان چڑھائے گئے کھلے ماحول پر روشنی ڈالی اور اسے گورننس میں ایک اہم تبدیلی قرار دیا۔ انہوں نے کہا ’’ کل کی کھلی پریس کانفرنس میں بات چیت خود اس تبدیلی کی عکاسی کرتی ہے جس کا ہم مقصد لانا چاہتے ہیں۔ وانی نے مزید کہا کہ اس طرح کی شفافیت اور بات چیت شاذ و نادر ہی دیکھنے میں آئی ہے‘‘۔اپوزیشن کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہ دفعہ 370 کے بعد کیے گئے وعدے نظر نہیں آئے، وانی نے اعادہ کیا’’کل ترقی پر طویل بحث ہوئی، اور ہم اپنے ایجنڈے میں رکھے گئے اہداف کو حاصل کرنے کیلئے پوری طرح پرعزم ہیں۔ ناقدین کو صرف دو ماہ نہیں بلکہ پوری مدت میں ہمارا جائزہ لینا چاہیے‘‘۔ایک رکن پارلیمنٹ کے حالیہ ٹویٹ کے بارے میں جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر وعدے پورے نہیں کیے گئے تو دہلی میں ممکنہ احتجاج کا مشورہ دیا گیا ہے، وانی نے ایسے اقدامات کی ضرورت کو مسترد کیا۔ مجھے یقین ہے کہ احتجاج کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ ہم بلا تاخیر خطے کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔