بروقت تکمیل ، معیار کی یقین دہانی اور عوامی خدمات کی فراہمی پر زور دیا
نوشہرہ ( راجوری )//نائب وزیر اعلیٰ مسٹر سریندر کمار چودھری نے آج پی ڈبلیو ڈی گیسٹ ہاوس نوشہرہ میں ڈسٹرکٹ کیپیکس بجٹ کے تحت جاری کاموں کا جائیزہ لینے کیلئے منعقدہ میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ میں اے ڈی سی نوشہرہ بابو رام ٹنڈن ، اے سی ڈی وجے ورما کے ساتھ دیگر ضلعی اور سیکٹرل افسران نے شرکت کی ۔ میٹنگ کے دوران نائب وزیر اعلیٰ نے تمام جاری ترقیاتی کاموں کی تکمیل کو تیز کرنے کی واضح ہدایات جاری کیں ۔ انہوں نے عوام کی توقعات پر پورا اترنے اور ضلع کے بنیادی ڈھانچے کو بڑھانے کیلئے پروجیکٹ پر بروقت عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیا ۔ جوابدہ حکمرانی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ عوامی شکایات کو ان کی دہلیز پر دور کریں ۔ انہوں نے خدمات کی فراہمی میں شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بناتے ہوئے نچلی سطح پر پبلک سروسز گارنٹی ایکٹ ( پی ایس جی اے ) کے سختی سے نفاذ پر بھی زور دیا ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے افسران پر زور دیا کہ وہ عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ایک فعال نقطہ نظر کو برقرار رکھیں اور پراجیکٹس کی بلا تعطل عملدرآمد کیلئے مختلف محکموں کے درمیان موثر ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا ۔










