نائب وزیر اعلیٰ نے شوپیاں میں ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا

نائب وزیر اعلیٰ نے شوپیاں میں ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا

تمام منصوبوں پر کام کی رفتار میں سرعت لانے پر زور

شوپیان//نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے شوپیاں ضلع کی تاریخی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے آج ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار میں سرعت لانے کی ہدایت دی بالخصوص کنکٹویٹی اور باغبانی شعبوں پر خصوصی توجہ دینے پر زور دیا۔ اِن باتوں کا اِظہارنائب وزیر اعلیٰ نے آج یہاں منی سیکرٹریٹ شوپیاں میں مختلف ترقیاتی منصوبوں اور سکیموں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ ایک جائزہ میٹنگ میں اَفسروںسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔میٹنگ میں رُکن قانون ساز اسمبلی وچی شوکت گنائی اورممبر قانون ساز اسمبلی شوپیاں شبیر کُلے نے شرکت کی۔ مختلف محکموں کے سربراہان اور سیکٹورل افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔ میٹنگ کے شروعات میںضلع ترقیاتی کمشنر شوپیاں ششیر گپتا نے ضلع میں مجموعی ترقیاتی منظرنامے اور جاری کاموںکے بارے میں تفصیلی جائزہ پیش کیا۔ نائب وزیر اعلیٰ نے محکمہ تعمیراتِ عامہ ( پی ڈبلیو ڈی)، پردھان منتری گرام سڑک یوجنا (پی ایم جی ایس وائی )، روڈز اینڈ بلڈنگز (آر اینڈ بی) ڈیپارٹمنٹ ، جل جیون مشن (جے جے ایم) اور دیگر محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے منصوبوں کے اعلیٰ معیار اور مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو زیر اِلتوأ منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ تکنیکی خصوصیات اور حفاظتی معیارات پر سختی سے عمل کریں۔ اُنہوں نے دیرپا تعمیراتی طریقوں کو اَپنانے پر بھی زور دیا تاکہ ضلع کے عوام کو طویل مدتی فوائد حاصل ہو سکیں۔ سریندر کمار چودھری نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ ترقیاتی اَقدامات کو تیز کریں اور عوامی خدمات کی فراہمی کے طریقہ کار کو مؤثر بنائیں۔ اُنہوں نے حکومتی اَقدامات کے مؤثر عمل آوری کو یقینی بنانے کے لئے عوام تک آسان رَسائی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔اُنہوں نے کہا، ’’ہم ضلع بھر میں ترقی کو تیز کرنے اور بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لئے پُرعزم ہیں۔‘‘ اُنہوں نے مزید کہا کہ سکیموں کی تشکیل کے دوران عوامی نمائندوں کی تجاویز اور آرأ کو بھی مدنظر رکھا جانا چاہیے تاکہ یہ مقامی ضروریات اور مطالبات سے ہم آہنگ ہوں۔
نائب وزیر اعلیٰ نے اَفسران کو درپیش کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کے لئے حکومت کی کی طرف سے مکمل تعاون کا یقینی دِلاتے ہوئے کہا کہ ہم ترقیاتی کاموں کے مؤثر عمل آوری میں ہر ممکن سہولیت فراہم کریں گے۔ اُنہوں نے تمام جاری منصوبوں کی شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانے کے لئے باقاعدہ نگرانی اور جائزے کی ضرورت پر زور دیا۔اُنہوں نے کہا، ’’حکومت عوامی اہمیت کے مسائل کو مرحلہ وار حل کرنے کے لئے پُرعزم ہے کیوں کہ لوگوں نے اسے منتخب کیا ہے اور اس سے بڑی توقعات وابستہ ہیں۔‘‘سریندر کمار چودھر ی نے کچھ کاموں میں تاخیر پر تشویش کا اِظہار کرتے ہوئے منصوبہ بندی اور عمل آوری میں مکمل احتیاط برتنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے مزید محنت، لگن اور تمام جاری کاموں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے کہا ،’’معیار پر کسی بھی قیمت پر سمجھوتہ نہیں کیا جانا چاہیے کیوں کہ یہ منصوبے ضلع کی مجموعی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے اِنتہائی اہم ہیں۔‘‘اُنہوں نے جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور پروجیکٹ کی تکمیل کے تمام مراحل میں اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ ڈیڈ لائن کی سختی سے تعمیل کو یقینی بنائیں اور پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل میں حائل رُکاوٹوں کو دور کریں۔دورانِ میٹنگ اَفسران نے مختلف منصوبوں کی پیش رفت سے متعلق تازہ ترین معلومات فراہم کیں اور درپیش چیلنجوں کو اُجاگر کیا جن میں مالی وسائل کی کمی، اَراضی کے حصول کے مسائل اور تکنیکی مشکلات شامل ہیں۔منتخب نمائندوں نے اَپنے اَپنے علاقوں کے عوامی اہمیت کے حامل مسائل کو اُجاگر کیاجن میں پردھان منتری گرام سڑک یوجنا (پی ایم جی ایس وائی) کے تحت سڑکوں کی بہتری، زینہ پورہ اور شوپیاں میں ترقیاتی سرگرمیاں، ضلع ہسپتال شوپیاں میں ماہر امراض قلب (کارڈیولاجسٹ) کی تعیناتی، قصبہ شوپیاں کی خوبصورتی، بائی پاس کے تحت اَراضی کے مالکان کو معاوضے کی اَدائیگی اور دیگر مسائل شامل تھے۔ بعد میں نائب وزیر اعلیٰ نے 39.41کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے ترنزپُل کے کام کی رفتار کا معائینہ کیا۔اُنہوں نے اِس موقعہ پر موجود اَفسران سے بات چیت کرتے ہوئے دو اَضلاع کو ملانے والے اِس اہم پُل کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ اِس کے علاوہ نائب وزیر اعلیٰ نے زینہ پورہ میں 18.84 کروڑ روپے کی لاگت سے زیر تعمیر ڈِگری کالج کے جاری کام کا بھی معائینہ کیا۔اِس موقعہ پر نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے کے ہمراہ ممبر قانون ساز اسمبلی وچی،ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیاں اور دیگر سینئر اَفسران بھی تھے۔