نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے سیری میں عوامی رابطہ پروگرام کا اِنعقاد کیا

نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے سیری میں عوامی رابطہ پروگرام کا اِنعقاد کیا

عوامی شکایات کا اَزالہ کیا اور اَفسران کو فوری اَزالے کی ہدایت دی

سیری( راجوری)//نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے سیری میں ایک عوامی رابطہ پروگرام کا انعقاد کیاجہاں مقامی باشندوں کے ایک بڑے اجتماع نے ان کاوالہانہ اِستقبال کیا۔ اِس موقعہ پر عوام کی بھرپور شرکت دیکھنے میں آئی جنہوں نے مختلف ترقیاتی مسائل اُجاگر کئے اور انتظامیہ سے فوری مداخلت کی درخواست کی۔لوگوں نے جن اہم مسائل کو اُجاگر کیا ان میں سرکاری دفاتر کے لئے کثیر المنزلہ عمارت کی تعمیر ، سکولوں کی اَپ گریڈیشن ، سکولوں میں تدریسی اور طبی عملے کی شدید کمی اور سیری میں پرائمری ہیلتھ سینٹر (پی ایچ سی) شامل ہیں۔ اِس کے علاوہ لوگوںنے تکنیکی عملے کی تعیناتی، ایکسرے مشین اور لیبارٹری کی سہولیات کی تنصیب، ڈینٹل چیئر کی فراہمی اور کلال اور سیل میں نئے ویٹرنری مراکز کے قیام کا مطالبہ کیا۔دیگر اہم مسائل میں گرڈ سٹیشن کے لئے زیر اِلتوأ انتظامی منظوری (اے اے اے) ، بجلی کے کھمبوں اور تاروں کی طلب ، نئے ٹرانسفارمروں کی تنصیب اور مختلف پنچایتوں میں موجودہ ٹرانسفارمروںکی اَپ گریڈیشن شامل ہیں۔ لوگوں نے جل جیون مشن (جے جے ایم) کے کاموں، پنچایتوں کی تقسیم اور چیک ڈیموں کی تعمیر کی مہم کا بھی مطالبہ کیا۔سریندر کمار چودھری نے ان مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے انتظامیہ کو فوری کارروائی کرنے اور عوامی شکایات کے ازالہ کے لئے اہم ہدایات جاری کیں۔نائب وزیرا علیٰ سریندر کمار چودھری نے عوامی شکایات کا جائز ہ لیتے ہوئے اِنتظامیہ کو اہم ہدایات جاری کیں۔اُنہوں نے سکولوں اور صحت اِداروں میں عملے کی کمی کو دور کرنے کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جل جیون مشن (جے جے ایم) کے تحت کام کو ہدایات کے مطابق انجام دیا جانا چاہیے تاکہ ہر پنچایت تک پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔افسروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ صرف فیلڈ سٹاف کی رِپورٹوں پر انحصار نہ کریں بلکہ ذاتی طور پر ہر پنچایت کا دورہ کریں اور زمینی صورتحال کا جائزہ لیں۔نائب وزیراعلیٰ نے یہ بھی واضح کیا کہ کورپشن کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور اُنہوں نے سختی سے کہا کہ ’’کمیشن کلچر‘‘ کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ متعلقہ محکموں کو ہدایت دی گئی کہ وہ ضروری عوامی سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے ماحولیاتی انحطاط کو روکنے اور پینے کے پانی کی فراہمی کے تحفظ کے لئے آبی ذرائع کے قریب کان کنی کی سرگرمیوں پر سخت پابندی عائد کرنے کا حکم دیا۔اِس منعقدہ عوامی رابطہ پروگرام میں اے ڈِی سی راجوری راج کمار تھاپا ، اے ڈِی سی نوشہرہ بابو رام ٹنڈن، اے ڈِی سی سندربنی راجیو مگوترا دیگر ضلع اور سیکٹورل افسران نے شرکت کی۔