نائب وزیراعلیٰ نے سب ڈِسٹرکٹ ہسپتال سندر بنی کا اَچانک معائینہ کیااور صحت خدمات کا جائزہ لیا

سندربنی / /نائب وزیر اعلیٰ سریندرکمار چودھری نے سب ڈِسٹرکٹ ہسپتال سندربنی کا اچانک معائینہ کیا اور اِنسٹی چیوٹ میںمریضوں کو فراہم کی جارہی صحت خدمات کی صورتحال کا جائزہ لیا۔اِس موقعہ پر نائب وزیراعلیٰ نے ہسپتال کے مختلف وارڈوں کا دورہ کیا اور اُنہوں نے وہاں موجود سہولیات کے بارے میں مریضوں سے بات چیت کی ۔ اُنہوں نے اُنہیں صحت خدمات کو بڑھانے اور اُن کی ضروریات کو مؤثر طریقے سے پورا کرنے کے لئے حکومت کے عزم کا یقین دِلایا۔اُنہوں نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی کی صورتحال پر برہمی کا اِظہار کرتے ہوئے بلاک میڈیکل آفیسر (بی ایم او) کو ہدایت دی کہ وہ ہسپتال میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کے لئے فوری اَقدامات کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ صفائی ایک بنیادی ضرورت ہے اور مریضوں اور عملے کے لئے یکساں طور پر محفوظ اور صحت مند ماحول پیدا کرنے کے لئے اسے ترجیح دی جانی چاہیے۔نائب وزیراعلیٰ نے ہسپتال حکام کو ہدایت دی کہ وہ مریضوں کے مناسب علاج معالجے کو یقینی بنائیں اور حفظان صحت کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھیں۔سریندرکمار چودھری نے ہسپتال میں جاری تعمیراتی کام کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے اس کی تکمیل کے لئے ایک واضح وقت مقرر کیا۔ اُنہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ تمام تعمیراتی کام 31؍ مارچ 2025ء تک یا اس سے پہلے مکمل کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ اَپ گریڈ شدہ انفراسٹرکچر عوام کو بلا تاخیر دستیاب ہو۔