اکتوبر میں648 کروڑ روپے کا جی ایس ٹی کی وصولی
سری نگر//جموں و کشمیر نے اکتوبر2021 میں سب سے زیادہ سامان اور خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) جمع کیا ہے۔جے کے این ایس کے مطابق اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ اکتوبر میں کل 648 کروڑ روپے GSTجمع ہواہے ،جوکہ جنوری2020میں پھوٹ پڑنے والے عالمگیر وبائی مرض کوروناوائرس کے بعد سب سے زیادہ ہے۔اعداد و شمار کے مطابق ماہ اکتوبرمیں جمع ہوا جی ایس ٹی ،ماہ ستمبر کے مقابلے میں 45 فیصد زیادہ ہے۔ ستمبر میں جموں و کشمیر میں جی ایس ٹی کی وصولی 377 کروڑ روپے تھی۔گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے جی ایس ٹی کی وصولی تقریباً دوگنی ہو گئی ہے۔ اکتوبر 2020 میں جموں و کشمیر میں جی ایس ٹی کی وصولی 377 کروڑ روپے تھی۔سامان اور خدمات ٹیکس یعنی جی ایس ٹی کونسل نے انکشاف کیا ہے کہ جموں و کشمیر جی ایس ٹی کی وصولیوں میں 70 فیصد اضافے کے ساتھ آگے ہے۔اس سال اگست میں جموں و کشمیر سے 392 کروڑ روپے جمع جی ایس ٹی کی صورت میں جمع ہوئے جبکہ جولائی میں 432 کروڑ روپے تھے۔جے کے این ایس کے مطابق ہندوستان میں اکتوبر کیلئے جی ایس ٹی کی وصولی1,30,127 کروڑ روپے رہی، جو کہ 2017 میں ٹیکس نظام کے نفاذ کے بعد سے دوسری سب سے زیادہ ہے۔حکومت نے اپریل2021 میں اب تک کا سب سے زیادہ1,41,384 کروڑ روپے کا مجموعہ ریکارڈ کیا۔حکام کے مطابق، جموں وکشمیر میں اقتصادی سرگرمیوں میں مضبوط بحالی جی ایس ٹی کی وصولی میں اضافے کی بنیادی وجہ رہی ہے۔انہوںنے کہاکہ ہم نے دیکھا ہے کہ جموں اور کشمیر میں اقتصادی سرگرمیاں خاص طور پر اس سال جولائی میں کوویڈ 19 کی تعداد میں کمی کے بعد تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔ پچھلے مہینے، اقتصادی سرگرمیوں میں بالخصوص باغبانی، زراعت اور کاروبار میں اضافے کا رجحان دیکھا گیا، جس نے آخر کار ٹیکس کی وصولی میں اضافہ کیا۔حکام کا خیال ہے کہ آنے والے مہینوں میں جی ایس ٹی کی وصولی میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ جی ایس ٹی کی وصولی اوپر کی طرف بڑھ رہی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ ٹیکس وصولی میں اضافہ ہو گا۔کوروناکی وجہ سے، جموں و کشمیر سمیت تمام ریاستوں میں جی ایس ٹی کی وصولی میں کمی دیکھی گئی۔وسائل کے فرق کو پورا کرنے کے لئے مرکزی حکومت نے جموں و کشمیر کو 967.32 کروڑ روپے کی رقم جاری کی۔2017 سے جب مرکز نے جی ایس ٹی نافذ کیا تھا جموں و کشمیر کو جی ایس ٹی معاوضے کے طور پر8367.32 روپے کی رقم ملی ہے۔










