سری نگر میں ایس بی ڈِی یو اور بی ایچ ڈِی ارکان کیلئے ایک روزہ سیشن کی صدارت کی
سری نگر// چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے کہا کہ ’مشن یووا‘ایک تبدیلی کی تحریک ہے جس کا مقصد جموں و کشمیر کے نوجوانوں کی ذہن سازی کو بدلنا اور اُنہیں اِقتصادی طور پر بااختیار بنانا ہے۔اُنہوں نے اِن باتوں کا اِظہار آج بینکٹ ہال سری نگر میں مشن یووا کے تحت سمال بزنس ڈیولپمنٹ یونٹ( ایس بی ڈِی یو) اور بزنس ہیلپ ڈیسک ( بی ایچ ڈِی)کے اراکین کے لئے منعقدہ ایک روزہ سیشن کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ چیف سیکرٹری نے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشن یووا کا مقصد نوجوانوں کی سوچ کو سرکاری ملازمتوں کو واحد راستہ سمجھنے کے تصور سے ہٹانا ہے۔اُنہوں نے کہا،’’یہ ہمارے نوجوانوں میں نفسیاتی اور ذہنی تبدیلی لانے کی ایک کوشش ہے۔ ایک بارجب یہ تبدیلی آتی ہے تو اِدارہ جاتی تعاون سے نوجوان اَپنے خوابوں کو حقیقت میں بدل سکتے ہیں۔‘‘اُنہوںنے پروگرام کے دیرپا معاشی واِقتصادی مواقع،اَنٹرپرینیورشپ اور خود روزگاری پر مرکوز ہونے پر زور دیا اور کہا کہ جموں و کشمیر میں مختلف صنعتوں، زراعت، اِس سے منسلک سرگرمیوں، اورایم ایس ایم اِی سیکٹر میں روزگار کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
چیف سیکرٹری نے ایک مضبوط اقتصادی نظام کی تشکیل پر زور دیا تاکہ کاروباری ترقی اور سماجی فلاح ممکن بن سکے۔اُنہوں نے کہا،’’یہ محض ایک پالیسی اقدام نہیں ہے بلکہ عوامی تحریک ہے جو خودانحصاری، سماجی بہتری اور بااِختیاری کی طرف بڑھ رہی ہے۔‘‘اُنہوںنے اَفسران کو ہدایت دی کہ مشن یوواکے تحت روزگار کے مواقع کے بارے میں گھر گھر جاکر بیداری مہم چلائی جائیںاور نئے کاروباری اَفراد کی بھرپور رہنمائی کی جائے۔اَتل ڈولونے تمام شراکت داروں بشمول سرکاری اِدارے، نجی شعبے اور بینکوں پر زور دیا کہ وہ قریبی تال میل کے ساتھ کام کریں تاکہ جموں و کشمیر کو کامیاب نوجوان کاروباریوں کا ماڈل بنایا جا سکے۔اُنہوں نے بینکوں کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ بغیر کسی پریشانی کے قرض کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے کہا،’’ہر قرض لینے والے کو ایک کاروباری موقع سمجھا جائے۔ ان کے کاروبار کے قیام تک مکمل معاونت دی جائے۔ جموں و کشمیر کو نوجوانوں کی قیادت والے اَنٹرپرائز کے لئے ایک نمونہ بننے دیں۔چیف سیکرٹری نے مختلف خود روزگار سکیموں پر بھی بات کی اور نیشنل رورل لائیولی ہوڈ مشن (این آر ایل ایم) کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ تقریباً دو لاکھ ’’لکھپتی دیدیاں‘‘خطے میں معاشی بااِختیار بنانے کی علامت بن گئی ہیں۔اِس موقعہ پرایم ڈِی و سی اِی او جموںوکشمیر بینک امیتاوا چٹر جی نے کہا کہ مشن یووابینکوں کے لئے اپنے قرضہ جاتی پورٹ فولیو کو بڑھانے اور جموں و کشمیر کی سماجی و اِقتصادی ترقی میں کردار ادا کرنے کا ایک سنہری موقعہ ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ بینک نے تفصیلی پروجیکٹ رِپورٹ (ڈِی پی آر) کی تیاری میں فعال کردار اَدا کیا ہے اور نوجوانوں کو بااِختیار بنانے اور خطے میں اَنٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے کے اَپنے عزم کا اعادہ کیا۔
اِس سے قبل ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹری لیبر اینڈ ایمپلائمنٹ ڈیپارٹمنٹ راجیو رنجن نے مشن یووا کے تحت پیش رفت کا جائزہ پیش کیاجس میں بیداری، دستاویزات اور بر وقت قرض فراہمی پر توجہ مرکوز کی گئی۔ تقریب میں ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ ومشن ڈائریکٹر مشن یوواشہزاد عالم،جنرل منیجر کارپوریٹ بینکنگ (زراعت و ایم ایس ایم اِی)آشتوش، ڈپٹی جنرل منیجر جے اینڈ کے بینک راکش مگوترا، اورنبارڈ ، جیکے اِی ڈِی آئی ، ایس آئی ڈِی بی آئی کے اَفسران اور ایس بی ڈِی یو اور بی ایچ ڈِی کے ممبران نے شرکت کی۔










