کاموں کا جائزہ ، مختلف روزگار یونٹوں کا اِفتتاح اور ایس ایچ جیز کے ساتھ بات چیت
کپواڑہ//مشن ڈائریکٹر جموں و کشمیر رورل لائیولی ہڈز مشن (جے کے آر ایل ایم) ڈاکٹر شبھرا شرما نے آج ضلع کپواڑہ کے مختلف بلاکوں رامہل، بٹر گام، ترہگام اور درگمولہ کا تفصیلی دورہ کیا تاکہ جے کے آر ایل ایم کی جانب سے جاری سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ اور کیڈر اور سیلف ہیلپ گروپوں (ایس ایچ جی) کے ساتھ تبادلہ خیال لیاجاسکے۔دورے کے دوران ڈاکٹر سبھراشرما نے فیلڈ سٹاف کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے روزگار پر مبنی اِنٹرونشنوںکی براہِ راست معلومات حاصل کیں۔ اُنہوں نے ضلع میں قائم کئی اَقدامات کا معائینہ کیا، اُن کی افادیت کا جائزہ لیا اور مزید بہتری کے مواقع تلاش کئے۔مشن ڈائریکٹر نے بٹر گام اور ڈیڈی کوٹ میں زرعی اور ڈیری یونٹوں کا دورہ کیا، خواتین کسانوں اور کاروباریوں سے بات چیت کی۔ اُنہوں نے رامہل میں ایس ایچ جی اراکین کی جانب سے قائم ہالوبرک یونٹ کا دورہ کیا اور ایک ریستوران کا اِفتتاح بھی کیا۔ اِس کے علاوہ ڈاکٹر شرما نے تراتھ پورہ میں ہائی ٹیک پولی ہاؤس، اے ایم سی، بوتیک کا جائزہ لیا اور درگمولہ میں اِنٹگریٹیڈفارمنگ کلسٹر (آئی ایف سی) نتنوسہ پروجیکٹ کا اِفتتاح کیا جو ضلع کی زراعت پر مبنی صنعتوں اوردیرپا ترقی پر توجہ کی عکاسی کرتا ہے۔اُنہوں نے کہا،’’کپواڑہ خواتین کو بااِختیار بنانے کی بہترین مثال ہے جہاں مقامی خواتین اَقدامات کی قیادت کرتے ہوئے اَپنی کمیونٹیوں میں مثبت تبدیلی لارہی ہیں۔ ہم اِن کوششوں کی حمایت اور اْن کو فروغ دینے کے لئے پُرعزم ہیں۔‘‘مشن ڈائریکٹر نے اَفسران کو ہدایت دی کہ مقامی مصنوعات اور صنعت کاروں کی بہتر فروخت اور نمائش کے لئے مارکیٹنگ پلیٹ فارم کو مزید مستحکم کیا جائے اور ایس ایچ جی اراکین کے درمیان ڈیجیٹل لین دین میں اضافہ کیا جائے۔ اُنہوں نے اَفسران پر زور دیا کہ دیگر محکمہ جات کے ساتھ اِشتراک سے گروپ اور سی ایل ایف پر مبنی انٹرپرائزز کو ترجیح دی جائے تاکہ اِنہیں خواتین کے فائدے کے لئے تجارتی اداروں کی طرح چلایا جاسکے۔اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ این آر ایل ایم پروگرام تب ہی کامیاب ہوگا جب دیگر محکموں کے ساتھ ہم آہنگ ہوگا۔ اُنہوں نے فیلڈ سٹاف کو ہدایت دی کہ دوسرے محکموں کے ساتھ ہم آہنگی پر بیداری مہم چلائیں۔
مشن ڈائریکٹر موصوف نے جے کے آر ایل ایم سے وابستہ ایس ایچ جی اراکین سے خطاب کرتے ہوئے اُن پر زور دیا کہ مشن کے تحت ملنے والے فوائد سے اِستفادہ کریں اور اپنی معاشی ترقی کے لئے کوششیں کریں۔دورے کے دوران مشن ڈائریکٹر کے ہمراہ سٹیٹ پروجیکٹ منیجران، ضلعی پروگرام منیجر (ڈِی پی ایم)، بلاک پروگرام منیجران (بی پی ایم)، مینجمنٹ اِنفارمیشن سسٹم (ایم آئی ایس) ٹیم اور دیگر اَفسران بھی تھے۔