ہینڈی کیپڈ ایسوسی ایشن کا سرینگر میں احتجاج، جموں کشمیر سرکار سے توجہ کا مطالبہ
سرینگر//جموں کشمیر ہینڈی کیپڈ ایسوسی ایشن نے پنشن میں اضافہ اور سرکاری نوکری میں عمر کی حد بڑھانے کے مطالبات کو لیکر پریس کالونی سرینگر میں اتوار کو احتجاج کرتے ہوئے سرکار پر زور دیا ہے کہ مجوزہ اسمبلی سیشن کے دوران ان کے مسائل پر بات کی جائے ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق جموں وکشمیر ہینڈی کیپڈ ایسو سی ایشن نے اتوار کو یہاں پریس کالونی میں جمع ہو کر اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج درج کیا۔احتجاجیوں نے اپنے ہاتھوں میں بینرس اٹھا رکھے تھے اور وہ جم کر نعرہ بازی کر رہے تھے۔اس موقع پر ایک احتجاجی نے میڈیا کو بتایاکو جموں وکشمیر اسمبلی کے پہلے سیشن میں ہماری کوئی بات نہیں ہوئی اب اسمبلی کا بجٹ سیشن ہونے والا ہے اور ہمیں امید ہے اس میں ہماری بات کی جائے گی ۔مظاہرین نے اپنے مطالبات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری نوکریوں کے لئے ہماری عمر کی حد کو 42 سال سے بڑھا کر 48 سال کر دی جائے۔اس کے علاوہ ماہانہ وظیفہ کو بڑھا کر 5ہزار روپے کردیئے جائیں ۔ انہوںنے بتایا کہ آج کل کے مہنگائی کے دور میں انہیں جو وظیفہ مل رہا ہے وہ ناکافی ہے اور ان کا اس سے گزار ہ نہیں ہوتا ۔ انہوںنے سرکار پر زور دیا کہ وہ ان کو درپیش مسائل پر غور کریں ۔










