لیفٹیننٹ گورنر نے عقیدت مندوں سے شری اَمرناتھ جی یاترا میں بڑی تعداد میں شرکت کی اپیل کی
سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے راج بھون سری نگر میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران عقیدت مندوں سے اپیل کی کہ وہ شری اَمرناتھ جی یاترا میں بڑی تعداد میں شرکت کریں جو 3 ؍جولائی سے شروع ہونے والی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ یاترا کے لئے سیکورٹی گرڈ کو مضبوط کیا گیا ہے،کثیر سطحی سیکورٹی نظام قائم ہے اور فوج، سینٹرل آرمڈ پولیس فورسز (سی اے پی ایف) اور جموں و کشمیر پولیس نے محفوظ یاترا کو یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہاکہ یاترا بیس کیمپوں پر روحانی جوش و خروش کا ماحول قائم ہے اور شری اَمرناتھ جی شرائین بورڈ (ایس اے ایس بی) نے یاتریوں کی سہولیت کے لئے آواجاہی، رہائش، بجلی، پانی، صفائی، مواصلات اور صحت سمیت تمام ضروری سہولیات کی تیاری کی ہے۔ اُنہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو برسوں میں بورڈ نے یاتریوں پر مرکوز سہولیات میں قابل ذکر پیش رفت کی ہے:۔٭…وسیع تر یاترا ٹریک: دونوں راستوں پر پہلے تنگ اور ڈھلوان راستوں کو تقریباً 12 فٹ تک چوڑا کیا گیا ہے۔٭…کالی ماتا سیکشن کو 12 فٹ چوڑا اور کم ڈھلوان والا بنایا گیا ہے۔
٭…مزید محفوظ راستے :بال تل راستے پر مضبوط ہینڈ ریلز نصب کی گئی ہیں جبکہ پہلگام راستے کے 20پلس کلومیٹر دشوارحصوں کو محفوظ بنایا گیا ہے۔
٭… روشن ٹریکس اور یاترا کیمپس: بال تل سے پوتر گپھا اور پنج ترنی تک گرڈ ڈ بجلی کی سہولیت فراہم کی گئی ہے، پہلگام راستے پر بھی گرڈ کنیکٹویٹی شروع کی جا رہی ہے۔
٭…یاتری نواس میں رہائش کا اِضافہ:بال تل (800)، ننون (900)، پنتھہ چوک (1000) میں ایس اے ای بی کے کمپلیکس میں بہتر رہائش کا بندوبست۔
٭…ڈیجیٹل پری پیڈ سسٹم:پونی، پٹھو، پالکی وغیرہ کے لئے ڈیجیٹل سروس سسٹم یاتریوں کے لئے دستیاب ہوگا۔
٭…پوتر گپھامیں بہتر درشن پلیٹ فارم: لکڑی کے پلیٹ فارم کو سٹین لیس سٹیل پلیٹ فارم سے بدل دیا گیا ہے۔ اَب یاتری چار قطاروں میں بیک وقت درشن کر سکیں گے۔
٭…غار میں سیڑھیوں کے اوپر سائبان کی تنصیب : برفباری یا دھوپ سے بچائو کے لئے ۔
٭…طبی سہولیتوں میں اِضافہ: پنج ترنی اوربالائی کیمپوں میں کلینیکل بیڈ کی تعداد میں نمایاں اِضافہ۔
٭…اِنٹگریٹیڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز قائم کئے گئے ہیں اورجموںوکشمیر پولیس و سی اے پی ایف کی تعیناتی میں اضافہ کیا گیا ہے۔
٭… دشوار مقامات کی نشاندہی کی گئی اوریاتریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے بہتر اقدامات کئے گئے ہیں۔
٭… دونوں راستوں پر 100 بستروں والے ہسپتال فعال ہیں۔
٭… دونوں یاتری نواس کمپلیکس تیارکئے جا رہے ہیں۔
٭… صفائی اور یاترا کو زیادہ دیرپا بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔
٭… پوتر گپھامیں پرساد کاؤنٹرز قائم کئے گئے ہیں۔
٭… ننون بیس کیمپ پر فوٹ اوور برج، کلوک روم، اِی۔ رکشا وغیرہ جیسی سہولیات مہیا کی گئی ہیں۔
٭…سیاحتی مقامات پر بھی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے میڈیا اور جموں و کشمیر کے مقامی لوگوں کے رول کی بھی ستائش کی جنہوں نے یاترا کے کامیاب اور پرامن اِنعقاد میں کلیدی رول اَدا کیا ہے۔اُنہوں نے یاتریوں سے اپیل کی کہ وہ مقررہ قافلوں کے ساتھ سفر کریں تاکہ ان کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔










