لیفٹیننٹ گورنر نے مقامی ٹیلنٹ کو فروغ دینے کیلئے وقف ایک مختصر فلم فیسٹول توی فلم اُتسو کا اِفتتا ح کیا

لیفٹیننٹ گورنر نے مقامی ٹیلنٹ کو فروغ دینے کیلئے وقف ایک مختصر فلم فیسٹول توی فلم اُتسو کا اِفتتا ح کیا

گزشتہ پانچ برسوں میں اَمن اور ترقی کیلئے ہماری کوششوں نے جموں و کشمیر کو ہندی، علاقائی اور غیر ملکی فلموں کی شوٹنگ کیلئے مزید پُرکشش مقام بنایا ہے ۔منوج سِنہا

جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے ابھینو تھیٹر جموں میں جموں وکشمیر سِنے ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ ’’توی فلم اُتسوا‘‘ کا اِفتتاح کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے خطاب میںمنتظمین، شرکت کرنے والے فلم سازوںاور مقامی ٹیلنٹ کو فروغ دینے کے لئے مختصر فلم فیسٹول سے جُڑے تمام اَفراد کو مُبارک باد پیش کی ۔اُنہوں نے کہا،’’سینما تعلیم کا ایک مؤثراور معاشرتی تبدیلی کا طاقتور ذریعہ ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ ہمارا مقامی ٹیلنٹ ،تفریح اور سماجی ذمہ داری کے درمیان توازن برقراررکھیں اور اس طاقتور میڈیم کو معاشرتی فوائد اور سماجی تبدیلی کے لئے استعمال کریں۔‘‘منوج سِنہا نے جموں و کشمیر میں حکومت کی طرف سے متعارف کردہ ترقی پسند فلم پالیسی اور فلمی صنعت کو فروغ دینے کے لئے کئے گئے اہم اَقدامات پر بات کی۔اُنہوں نے کہا،’’آج مجھے فخر ہے کہ جموں و کشمیر نے فلم سازی میں اپنی جگہ بنائی ہے۔ گزشتہ پانچ برسوں میں امن و ترقی کی ہماری کوششوں نے جموں و کشمیر کو ہندی، علاقائی اور غیر ملکی فلموں کی شوٹنگ کے لئے ایک پُرکشش مقام بنا یا ہے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے اِس بات پر بھی زور دیا کہ تکنیکی ترقی نے مقامی اُبھرتے ہوئے فلم سازوں، اَداکاروں اور سنیما کے مختلف شعبوں میں پیشہ ور اَفراد کو اپنی متنوع ثقافتی ورثے کو اُجاگر کرنے کے مواقع فراہم کئے ہیں۔اُنہوں نے جموں و کشمیر کے فلم سازوں اور فن کاروں پر زور دیا کہ وہ اَپنی تخلیقی صلاحیتوں کے ذریعے سماجی مسائل کے بارے میں بیداری پیدا کریں اور مثبت تبدیلی کو فروغ دیں۔منوج سِنہا نے کہا، ’’تخلیقی صلاحیتیں نہ صرف آپ کے خوابوں کو پورا کرنے کا ذریعہ بن سکتی ہیں بلکہ یہ سماجی تبدیلی کا بھی ایک مؤثر ذریعہ ہیں۔ میں نے معاشرے پر مختلف تخلیقی انواع کے گہرے اثرات دیکھے ہیںلیکن سینما کا اثر سب سے نمایاں ہے جس نے کئی سماجی برائیوں کے بارے میں بیداری پیدا کرنے میں مدد کی ہے ۔‘‘اُنہوں نے مزید کہا، ’’میں چاہتا ہوں کہ ہمارے نوجوان معاشرے سے منشیات کی لت جیسی معاشرتی برائیوں کو ختم کرنے کے لئے اس تخلیقی صلاحیت کو پروان چڑھائیں اور تخلیقی صلاحیتوں کو اچھے کاموں کے لئے استعمال کریں جو دوسروں کی زندگی کو بہتر بنائے۔ حکومت بھی پسماندہ طبقات تک پہنچنے اور ان کی باعزت زندگی کو یقینی بنانے کے لئے نوجوانوں کی مدد چاہتی ہے۔‘‘اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے’’ توی فلم اُتسو‘‘ کا بروشر بھی جاری کیا۔ اُنہوں نے کلچرل اکیڈیمی کی آرٹ اور ثقافتی ورثے کو فروغ دینے کی مسلسل کوششوں کو بھی سراہا۔اِس موقعہ پر وائس چانسلر جموں یونیورسٹی پروفیسر امیش رائے، ڈائریکٹر اِنفارمیشن نتیش راجور، سیکرٹری کلچر اکیڈیمی ہرویندر کور، صدرجموںوکشمیرسِنے ایسوسی ایشن دھرمیندر کوہلی، سینئر حکام، معروف فن کار، فلم ساز، جموں وکشمیر سِنے ایسوسی ایشن کے ممبران اور مختلف شعبہ ہائے زِندگی سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔