لیفٹیننٹ گورنر نے بال تل کا دورہ کیا اور شری اَمرناتھ جی یاترا سے قبل تیاریوں کا جائزہ لیا

لیفٹیننٹ گورنر نے بال تل کا دورہ کیا اور شری اَمرناتھ جی یاترا سے قبل تیاریوں کا جائزہ لیا

سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نےبال تل بیس کیمپ کا دورہ کیا اور 3 ؍جولائی کو شروع ہونے والی سالانہ شری امرناتھ جی یاترا 2025سے قبل تیاریوں کا جائزہ لیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے دورے کے دوران صحت سہولیات ، بجلی، مواصلات، صفائی، پانی کی فراہمی، خوراک، رہائش، سیکورٹی، موسم کی پیش گوئی اور راستوں کی دیکھ دیکھ جیسے اہم اِنتظامات کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ تمام بنیادی سہولیات چوبیس گھنٹے دستیاب ہوں اوریاتریوںکی خدمت کے لئے مناسب اَفرادی قوت تعینات کی جائے۔اُنہوں نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیٹ اپ اور یاتری نواس کمپلیکس کا بھی معائینہ کیا اور ان کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔
منوج سِنہا نے بال تل بیس کیمپ کے ہسپتال کا بھی دورہ کیا اور اُنہوں نے وہاںیاتریوںکے لئے صحت سہولیات کا جائزہ لیا اور طبی عملے کے لئے ایک تربیتی وارڈ کا اِفتتاح بھی کیا۔اُنہوںنے کہا،’’یاترا کے مجموعی اِنتظامات میں نمایاں بہتری لائی گئی ہے۔ شری امرناتھ جی شرائین بورڈ، اِنتظامیہ، جموں و کشمیر پولیس، سیکورٹی فورسز، سروس فراہم کنندگان، تمام متعلقہ محکموں اور شراکت داروں نے مل کر یاتریوں کے لئے ایک پُرامن، محفوظ اور آسان یاترا کو یقینی بنانے کے لئے مؤثر اَقدامات کئے ہیں۔‘‘
لیفٹیننٹ گورنر کے ہمراہ رُکن شری اَمرناتھ جی شرائین بورڈ کے این رائے،لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری اور سی اِی او شری امرناتھ جی شرائین بورڈ ڈاکٹر مندیپ کے بھنڈاری ،صوبائی کمشنر کشمیر وِجے کمار بدھوری ، آئی جی پی کشمیر وی کے بردی ،سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر شاہد اِقبال چودھری ،ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل جتن کشور اور دیگر سینئر اَفسران بھی تھے۔