لیفٹنٹ گورنر نے شری راگھویندر پنچانگ کے سلور جوبلی شمارے کی نقاب کشائی کی

لیفٹنٹ گورنر نے شری راگھویندر پنچانگ کے سلور جوبلی شمارے کی نقاب کشائی کی

پنچانگ ہمارے ملک کی جامع ثقافت اور بھر پور ورثے کی عکاسی کرتا ہے ۔ ایل جی سنہا

جموں//لفٹینٹ گورنر مسٹر منوج سنہا نے آج جموں یونیورسٹی میں شری راگھویندر پنچانگ کے سلور جوبلی شمارے کی نقاب کشائی کی ۔ اپنے خطاب میں لفٹینٹ گورنر نے شری چندر مولی رینہ پنچانگ کی اداراتی ٹیم اور شری راگھویندر جیوتش سنستھان ٹرسٹ کے تمام اراکین کو اس موقع پر مبارکباد دی ۔ انہوں نے لوگوں کو روایات کے بارے میں آگاہ کرنے اور پنچانگ کی وراثت کو آگے بڑھانے کیلئے ٹرسٹ کی کوششوں کو بھی سراہا جو ملک کی جامع ثقافت اور بھر پور ورثے کی عکاسی کرتا ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا ’’ مجھے یقین ہے کہ علم نجوم اور قدیم صحیفوں پر ہماری تحقیق کو زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی زندگیوں کو چھونا چاہئیے ۔ ہمیں عالمی بھلائی کو فروغ دینا چاہئیے ۔ ہمیں اپنے شہریوں میں روحانی طور پر بھر پور زندگی اور قدر پر مبنی زندگی کی اہمیت کو پھیلانے پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے ‘‘۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں ایک بہتر مستقبل کی تعمیر کیلئے اپنی سوچ اور فیصلہ سازی کی صلاحیتوں کو فروغ دینے کیلئے تاریخ کو سمجھنا چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل کے واضح وژن اور اہداف کیلئے جڑوں تک واپس جانا چاہئیے ۔ لفٹینٹ گورنر نے شری راگھویندر جیوتش سنستھان ٹرسٹ کو پنچانگ کی ڈیجٹل اشاعت اور ویلیو ایڈیشن کیلئے موبائل ایپلیکیشن کا مشورہ بھی دیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری قدیم روایات میں موجود علم اور حکمت کو لوگوں خصوصاً نوجوان نسل تک آسانی سے پہنچایا جانا چاہئیے ۔ اس موقع پر لفٹینٹ گورنر نے سنسکرت کے فروغ میں ان کے تعاون کیلئے کئی تنظیموں اور افراد کو مبارکباد دی ۔ اس موقع پر جموں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر اومیش رائے ، سابق وائس چانسلر اترا کھنڈ یونیورسٹی پروفیسر دیوی پرساد ترپاٹھی ، صدر شری راگھویندر جیوتش سنستھان ٹرسٹ مسٹر چندر مولی رینہ ، جموں یونیورسٹی کے شعبہ سنسکرت کے سربراہ پروفیسر رام بہادر شکلا اور ممتاز شہری موجود تھے ۔ ڈویژنل کمشنر جموں اور سابق مئیر جے ایم سی مسٹر راجندر شرما بھی اس موقع پر موجود تھے ۔