پاکستان کی گولہ باری سے متاثرہ کنبوں کی بحالی کیلئے مرکز کی مدد کیلئے ایک جامع منصوبے پر کام جاری ۔ لفٹینٹ گورنر
کپواڑہ//لفٹینٹ گورنر مسٹر منوج سنہا نے کپواڑہ کا دورہ کیا اور حالیہ غیر منقولہ گولہ باری سے ہوئے نقصان کا جائیزہ لیا ۔ ٹنگڈار سیکٹر کے سرحدی علاقوں میں لفٹینٹ گورنر نے مقامی باشندوں کے ساتھ بات چیت کی اور انتظامیہ کی طرف سے ان کی مدد کیلئے یقین دہانی کرائی ۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ پاکستان کی گولہ باری سے متاثرہ باشندوں کی بحالی کیلئے مرکز کی مدد حاصل کرنے کے ایک جامع منصوبے پر کام کر رہی ہے ۔ انتظامیہ کی طرف سے اٹھائے گئے امدادی اور بحالی کے اقدامات کا جائیزہ لینے کے دوران ڈویژنل کمشنر کشمیر اور ڈپٹی کمشنر کپواڑہ نے گرام سبھا کے ذریعہ بنکروں کی جانچ پڑتال اور تعمیر کے بارے میں بریفنگ دی ۔ لفٹینٹ گورنر نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ سرحدی علاقوں کے رہائشیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے بنکروں کی تعمیر میں تیزی لائیں ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا انتظامیہ کے جائیزے کی بنیاد پر فوری مدد فراہم کی گئی ہے لیکن میرے خیال میں یہ مدد کافی نہیں ہے ۔ ڈویژنل کمشنر کشمیر اور سینئر افسران متاثرہ خاندانوں کو ہونے والے نقصان اور مناسب بحالی کیلئے مشترکہ طور پر ایک جامع منصوبہ تیار کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حفاظت اور بحالی کو یقینی بنانا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے متاثرہ علاقوں میں ضروری خدمات کی مناسب فراہمی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی ۔ انہوں نے انتظامیہ ، فوج ، پولیس اور دیگر تنظیموں کی امداد اور بحالی کے کاموں میں ملوث ہونے کی مربوط کوششوں کی بھی تعریف کی ۔










