dooran

فوج کے شمالی کمان کے کمانڈر نے سرینگر میں قائم چنار کور کارپس کا دورہ کیا

سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا،حالیہ انسداد دہشت گردی آپریشنز کے کامیاب انعقاد پر فوجیوں شاباشی دی

سرینگر // فوج کے شمالی کمان کے کمانڈر لیفٹنٹ جنرل ایم وی سچندرا کمار نے سرینگر میں قائم چنار کور کارپس کا دورہ کیا جس دوران انہوں نے تمام رینکوں پر زور دیا کہ وہ عسکریت پسندی مخالف کارروائیوں کے دوران پیشہ ورانہ مہارت کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھیں۔سی این آئی کے مطابق فوج کے شمالی کمان کے کمانڈر لیفٹنٹ جنرل ایم وی سچندرا کمار نے سرینگر میں قائم فوج کے چنار کور کارپس کا دورہ کیا جس دوران انہو ں نے وہاں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ آرمی کمانڈر نے حالیہ انسداد دہشت گردی آپریشنز کے کامیاب انعقاد پر فوجیوں کو بھی شاباش دی۔ایکس پر شمالی کمان نے لکھا ’’ فوج کے شمالی کمان کے کمانڈر لیفٹنٹ جنرل ایم وی نے تشکیل کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے چنار کور کا دورہ کیا۔ جس دوران فوجی کمانڈر نے انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کے کامیاب انعقاد کے لیے تمام رینک کی تعریف کی اور تمام رینکس کو آپریشنز کے انعقاد میں پیشہ ورانہ مہارت کو برقرار رکھنے کی تاکید کی۔ ‘‘ ذرائع نے بتایا کہ حالیہ کارروائیوں میں شامل سیکورٹی فورسز کے افسران جن کے نتیجے میں حزب المجاہدین کے سرکردہ کمانڈر فاروق احمد بٹ عرف فاروق نالی کا خاتمہ ہوا، اور لشکر طیبہ کے سرکردہ عسکریت پسند جنید احمد بٹ کو ان کی کوششوں کے لیے داد ملی۔وادی کشمیر میں سب سے طویل عرصے تک زندہ رہنے والے جنگجو نالی کو 12 دسمبر کو جموں و کشمیر کے ضلع کولگام میں اپنے چار ساتھیوں کے ساتھ مارا گیا تھا۔دسمبر کے پہلے ہفتے میں لشکر طیبہ کا ایک سرکردہ عسکریت پسند جنید جو مبینہ طور پر اس سال اکتوبر میں تعمیراتی کارکنوں پر سب سے مہلک حملے کا ذمہ دار تھا، داچھی گام سرینگر کے بالائی علاقوں میں ایک تصادم میں مارا گیا تھا۔