مصر نے رفح کراسنگ کے ذریعے امداد کے داخلے کے حوالے سے اسرائیل کے ساتھ ہم آہنگی سے انکار کر دیا۔ مصر نے غزہ کی پٹی میں حالات کی خرابی کا ذمہ دار اسرائیل کے ناقابل قبول حملے کو قرار دیا ہے۔ ’ قاھرہ‘ چینل کے مطابق حکومت کے اعلیٰ سطح نے یہ بات کہی ہے۔ اس سے قبل اسرائیلی میڈیا نے رپورٹ میں بتایا تھا کہ مصری حکام نے سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم برنز کو اسرائیل کو رفح آپریشن روکنے کی ضرورت سے آگاہ کیا ہے تاکہ امن معاہدہ منسوخ نہ کیا جائے۔اسرائیلی اخبار ’معاریف‘ کی رپورٹ کے مطابق مصری حکام نے حال ہی میں مصر کا دورہ کرنے والے امریکی انٹیلی جنس ڈائریکٹر کو اسرائیل پر شدید دباؤ ڈالنے اور اسے رفح میں اپنا آپریشن ختم کرنے اور سنجیدگی سے مذاکرات کی طرف واپس آنے پر مجبور کرنے کی ضرورت سے آگاہ کیا اور ایسا نہ ہونے پر اسرائیل کے ساتھ مصر کے امن معاہدے کو منسوخ ہوجانے کے امکان کا بھی اظہار کیا۔اخبار نے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ غزہ پر جنگ کے آغاز کے بعد پہلی مرتبہ مصر امدادی ٹرک ڈرائیوروں سے رفح کراسنگ کے اپنی سائیڈ کے علاقے کو خالی کرنے کے لیے کہہ رہا ہے۔ مصر غزہ میں سکیورٹی صورتحال کے خراب ہونے کے خدشے سے اپنی سائیڈ پر حفاظتی اقدامات کو مزید مضبوط کر رہا ہے۔ منگل کو اسرائیلی فوج نے اعلان کیا تھا کہ اس نے پیر کے روز شروع ہونے والے فوجی آپریشن میں غزہ کی پٹی کو مصری سرزمین سے الگ کرنے والی رفح زمینی گزرگاہ کے فلسطینی حصے کا مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔










