سرینگر //مشہور سیاحتی مرکز پہلگام میں اتوار کو اس وقت سنسنی پھیل گئی جب عیدگاہ سرینگر سے تعلق رکھنے والا 20سالہ نوجوان نالہ لدھر میں غر قاب ہوکر موت کی آغوش میں چلا گیا ۔ سی این آئی کے مطابق سیاحتی مرکز پہلگام کے بے تاب ویلی علاقے میں اتوار کی دوپہر ایک نوجوان نالے لدر میں غرقاب ہوکر لقمہ اجل بن گیا ۔ معلوم ہوا ہے کہ سرینگر سے تعلق رکھنے والے کچھ نوجوان سیر کیلئے پہلگام گئے تھے جس دوران ایک نوجوان جس کی شناخت انیس احمد ولد گلزار احمد ڈار ساکنہ عید گاہ سرینگر کے بطور ہوئی ہے اچانک پیر پھسل جانے کے نتیجے میں نالہ لدر میں گر گیا ۔معلوم ہوا ہے کہ نوجوان کے غر قاب ہونے کی خبر پھیلتے ہی وہاں افر اتفری کا ماحول پھیل گیا جبکہ ساتھ ہی پولیس و سیول انتظامیہ نے مقامی لوگوں کے ہمراہ بچائو آپریشن شروع کر دیا اور کچھ دیر بعد نالے سے نوجوان کی نعش بر آمد کر لی گئی ۔ ادھر نعش کی بر آمد گی کے ساتھ ہی پولیس نے ضروری لوازمات کی ادائیگی کیلئے اس کو اپنی تحویل میںلیا بعد میں آخری رسومات کیلئے لواحقین کے حوالہ کر دی گئی ۔ پولیس کے ایک سنیئر آفیسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شرو ع کر دی گئی ہے ۔ اسی دوران جونہی نوجوان کے آبائی علاقے میں نعش پہنچائی گئی تو وہاں صف ماتم بچھ گیا اور نوجوان کے والدین پر قیامت صغریٰ بپا ہوئی ۔










