tanveer sadiq

عمر عبداللہ کی سربراہی والی عوامی منتخبہ حکومت لوگوں کو ڈرانے اور دھمکانے سے نہیں بلکہ

عوام کو شراکت دار بنا کر امن کو یقینی بنائے گی، منشور میں کئے گئے تمام وعدو ں کو پورا کیا جائے گا /تنویر صادق

سرینگر // عمر عبداللہ کی سربراہی والی عوامی منتخبہ حکومت لوگوں کو ڈرانے اور دھمکانے سے نہیں بلکہ انہیں شراکت دار بنا کر امن کو یقینی بنانے میں اپنا اہم کردار ادا کریگی تاکہ یہاں کے عوام کو گذشتہ برسوں سے جن مشکلات ، مصائب اور دھونس و دبائو سے گزرنا پڑا اُس سے انہیں مکمل طور پر نجات حاصل ہوسکے۔سی این آئی کے مطابق ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس کے ترجماںِ اعلیٰ اور ایم ایل اے زیڈی بل تنویر صادق نے آج حلقہ انتخاب زیڈی بل کے لعل بازار اور درگاہ میں الگ الگ اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس دوران انہوں نے مختلف علاقوں کا بھی دورہ کیا اور لوگوں کے مسائل و مشکلات کی جانکاری حاصل کی اور موقعے پر ہی متعلقہ حکام کیساتھ رابطہ کرکے ان کا سدباب کرانے کی ہدایت بھی کی۔ اجلاسوں میں خطاب کے دوران تنویر صادق نے کہا کہ عوام کو راحت پہنچانا ہمارا بنیادی منشور ہے کیونکہ یہاں کے عوام نے 2015کے بعد زبردست بے چینی، غیر یقینیت، دھونس و دبائو، خوف و ہراس اور مصائب و مشکلات کا سامنا کیاہے۔ نیشنل کانفرنس کی عوامی حکومت نے معرض وجود آنے کے ساتھ ہی عوام کو راحت پہنچانا شروع کردیا ہے اور انشاء اللہ عوامی اشتراک اور تعاون سے حکومت الیکشن سے قبل کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کرکے ہی دم لیگی۔ انہوں نے کہاکہ یہ پہلی بار ہوگا کہ جموںوکشمیر کے وزیر اعلیٰ بجٹ پیش کرنے جارہے ہیں اور بجٹ سے پہلے وزیر اعلیٰ نے جس طرح سے تمام متعلقین بشمول عوامی نمائندے کیساتھ میٹنگیں کیں وہ قابل سراہنا ہے اور ہمیں اُمید ہے کہ بجٹ عوام دوست اور نوجوان دوست ہوگا۔ دریں اثناء انہوں نے بہرار لیپر کالونی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مکینوں اور مریضوں سے ملاقات کی، ان کے تحفظات اور شکایات سنیں۔انہوں نے کہاکہ ’’میں نے ہمیشہ ان کے ساتھ ایک خاص تعلق محسوس کیا ہے اور ہر ممکن مدد کرنے کے لئے پرعزم ہوں۔انہوں نے انہیں یقین دلایا کہ وہ کوارٹرز کی الاٹمنٹ، تزئین و آرائش، طبی دیکھ بھال اور پینے کے پانی تک رسائی سمیت ان کے مسائل کو وزیر اعلیٰ اور وزیر صحت کے ساتھ اُٹھائیں گے۔ اُن کے ہمراہ زیڈی ایم او، ہیلتھ آفیسر اور دیگر افسران بھی تھے۔