عوامی اتحادپارٹی کی جموں وکشمیر کی منتخب حکومت پر تنقید
سرینگر//یو این ایس / عوامی اتحاد پارٹی نے ہفتے کے روز عمر عبداللہ کی زیرقیادت نیشنل کانفرنس حکومت پر سخت حملہ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ اس نے جموں و کشمیر میں کوئی ٹھوس پیشرفت حاصل کیے بغیر ایک سال کا عہدہ پورا کیا۔ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اے آئی پی کے ترجمان انعام الحق نے کہا کہ عمر عبداللہ نے انتخابات کے دوران بڑے بڑے وعدے کیے تھے لیکن اقتدار سنبھالنے کے بعد ان میں سے کسی پر بھی عمل کرنے میں ناکام رہے۔ انتخابات میں، عمر عبداللہ نے ریاست کا درجہ اور دفعہ 370 کو بحال کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ ہم نے پہلے کہا تھا کہ جب تک دہلی ریاست کا درجہ بحال نہیں کرتا، ہم الیکشن نہیں لڑیں گے‘‘۔ لیکن عمر عبداللہ کرسی کے پیچھے تھے، اور انہوں نے اسے حاصل کیا۔اے آئی پی کے ترجمان نے سوال کیا کہ کیا چیف منسٹر نے ریاست کی بحالی کے طریقوں پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ کبھی میٹنگ بلائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج تک عمرصاحب نے سیاسی قیدیوں یا جیل کی سلاخوں کے پیچھے سینکڑوں نوجوانوں کا مسئلہ نہیں اٹھایا، کیا وہ جیلوں میں اپنی زندگی ختم کرنا چاہتے ہیں؟ کوئی پی ایس اے کے بارے میں نہیں بولتا اور نہ ہی اس کے خلاف کوئی بل لاتا ہے۔انعام الحق نے مزید کہا کہ گڈ گورننس کے بلند و بانگ دعوؤں کے باوجود زمینی صورتحال بدستور برقرار ہے۔ انہوں نے اے آئی پی کے قید بانی اور سابق ایم ایل اے کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہاکہ اپنے دل پر ہاتھ رکھو، جموں و کشمیر کے لوگ اب بھی انجینئررشید کو یاد کرتے ہیں۔پارٹی نے برقرار رکھا کہ وہ حکومت کو اس کے نامکمل وعدوں اور اہم عوامی مسائل کو حل کرنے کے لیے سیاسی عزم کی کمی کے لیے جوابدہ بنائے گی۔










