rain

طویل خشک سالی سے اہلیان وادی کو راحت ملنے کی امید

28جنوری اتوار سے 3فروری تک درمیانہ سے بھاری برفباری کا امکان

سرینگر//طویل خشک سالی سے راحت پہنچنے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے محکمہ موسمیات نے 28جنوری کی سہ پہر سے 3فروری تک وادی کے بالائی اور میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانہ درجے کی برفباری کی پیش گوئی کی ہے ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ تازہ ہ پیش گوئی کے مطابق یکم فروری سے بھاری برفباری ہوسکتی ہے ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق وادی کشمیر میں طویل خشک موسمی صورتحال سے اہلیان وادی کو نجات ملنے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ اتوار کی سہ پہر کے بعد مغربی ہوائیں جموں کشمیر پر اثر انداز ہوں گی اور اس کا خاصا اثر وادی کشمیر کے بلائی اور میدانی علاقوں پر پڑے گا ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے سنیچر کی شام کو جاری کردہ تازہ پیش گوئی میں کہا گیا ہے کہ 28جنوری سے 3فروری تک وادی میں بالائی اور میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانہ درجے کی برفباری اور بارش ہوسکتی ہے اور غالب امکان ہے کہ یکم فروری کو بھاری برفباری ہوگی ۔ محکمہ نے کہا ہے کہ 28جنوری سے 31جنوری تک وادی کے بالائی علاقوں جن میں کپوارہ، بارہمولہ اور بانڈی پورہ شوپیاں درمیانہ درجے کی برفباری اور میدانی علاقوں میں درمیانہ درجے کی بارش ہونے کا امکان ہے ۔محکمہ کے مطابق 30-31 جنوری کوکئی مقامات پر ہلکی سے درمیانہ درجے کی بارش کا امکان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یکم سے تین فروری تک کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔جبکہ 3فروری دوپہر تک جموں اور وادی کے میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانہ درجے کی بارش ہوسکتی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ سمتھن ٹاپ، مغل روڑ اور سادھنا ٹاپ کے علاوہ رازدان پاس، زوجیلا برفباری کے پیش نظر ٹریفک کیلئے بند ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسافروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اس کے مطابق سفری منصوبہ بندی کریں۔اس دوران انہوں نے کہا کہ کسانوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ آبپاشی اور کھاد کے استعمال کو روکیں اور اس مدت کے دوران باغات اور کھیتوں سے اضافی پانی نکال دیں۔انہوں نے کہا کہ اس دوران دن کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے۔