گاندربل//ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل جِتن کشور نے منی سیکرٹریٹ گاندربل کے کانفرنس ہال میں ڈِسٹرکٹ کیپکس بجٹ 2024-25 ء کے تحت ہونے والی طبعی اور مالی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔دورانِ میٹنگ چیف پلاننگ آفیسر نے ضلع ترقیاتی کمشنر کو ترقیاتی کاموں کی صورتحال اور مالی اِستعمال کے بارے میںجانکاری دی۔ اُنہوں نے بتایا کہ کُل 1,635 کاموں میں سے 1,574 کے ٹینڈرکیا گیاہے اور اَب تک 1,491 کام الاٹ کئے جا چکے ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنرنے محکمہ وار جائزہ لیا جس میں دیہی ترقی، صحت، تعلیم، آر اینڈ بی، پاور ڈیولپمنٹ، جل شکتی، اور زراعت اور متعلقہ شعبوں کا احاطہ کیا گیا۔اُنہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ فنڈز کے زیادہ سے زیادہ اِستعمال کو یقینی بنایا جائے اور تمام منظور شدہ منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔ جِتن کشور نے جاری کاموں کی رفتار کو تیز کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا تاکہ کسی بھی فنڈ کو ضائع ہونے سے روکا جاسکے۔ عمل آوری ایجنسیوں کو ہدایت دی گئی کہ وہ معیار کو برقرار رکھتے ہوئے طبعی اور مالی اہداف کو پورا کریں۔میٹنگ میں چیف پلاننگ آفیسر، اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ، اے سی پی، آر اینڈ بی، آر ای ڈبلیو، جل شکتی، آئی اینڈ ایف سی، بی ڈی اوز، اور دیگر ضلعی اور سیکٹورل افسران نے شرکت کی۔










