بانڈی پورہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ شکیل الرحمان راتھر نے آج جموں و کشمیر سروسز سلیکشن ریکروٹمنٹ بورڈ کے ذریعے فائنانس اکاؤنٹس اسسٹنٹ کی اَسامیوں کے لئے منعقدہ او ایم آر پر مبنی امتحان کے لئے قائم مختلف اِمتحانی مراکز کا معائینہ کیا۔ضلع ترقاتی کمشنر کے ہمراہ اے ڈی سی بانڈی پورہ عمر شفیع، تحصیلدار بانڈی پورہ اور دیگر متعلقہ اَفسران سمیت اَفسران کی ایک ٹیم بھی موجود تھی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے ایچ کے ایم ڈگری کالج بانڈی پورہ، این ایم بوائز ہائر سیکنڈری، ایس ایم ایس اسلامیہ ماڈل سکول گرورا وغیرہ سمیت مختلف مراکز کے معائنے کے دوران اُمیدواروں کے لئے کئے گئے اِنتظامات کا جائزہ لیا۔اِس اِمتحان میں 5,463 اُمیدواروں کی شرکت متوقع تھی جس کے لئے ضلع بھر میں 22 اِمتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے تاکہ ایس ایس آر بی کے اِمتحانات کو بخوبی اَنجام دیا جا سکے۔اِمتحانات کے دوران نگرانی اور امتحانات کے احسن اِنعقاد کو یقینی بنانے کے لئے فلائنگ سکارڈ ٹیمیں بھی تشکیل دی گئیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اِمتحانی مراکز کے دورے کے دوران اُمیدواروں کی سہولیت کے لئے کئے گئے اِنتظامات پر اطمینان کا اِظہار کیا۔اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ اِمتحانات کا اِنعقاد منصفانہ اور شفاف طریقے سے کیا جائے۔دریں اثنا،متعلقہ حکام نے امتحان کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے جانکاری دی کہ 5,463 اُمیدواروں میں سے کل 2,690 اُمیدواروں نے مذکورہ امتحانات میں شرکت کی۔










