ضلع اسپتال بڈگام میں ضروری ٹیسٹوں کی تشخص کیلئے عملے اور مشینری کی کمی

ضلع اسپتال بڈگام میں ضروری ٹیسٹوں کی تشخص کیلئے عملے اور مشینری کی کمی

مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ،سرکاری اسپتال ہونے کے باوجود بھی نجی طبی مراکز کا رخ کرنے پر مجبور

سرینگر / سی این آئی // ضلع اسپتال بڈگام میں ضروری ٹیسٹوں کی تشخص کیلئے عملے اور مشینری کی کمی کے باعث مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ اسپتال ہونے کے باوجود بھی انہیں نجی طبی مراکز کا رخ کرنے پر مجبور ہونا پڑتا ہے ۔ سی این آئی کو نمائندے نے بڈگام سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع اسپتال بڈگام اب ناکام رہ چکا ہے بلکہ کام کا نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اسپتال میں علاج کیلئے آنے والے مریضوں کو ضروری ٹیسٹوں اور دیگر طبی سہولیات کو لیکر کافی پریشانیاں لاحق ہو رہی ہے جس کے باعث مریضوں اور ان کے تیمار داروں میں مایوسی دیکھنے کو مل رہی ہے ۔ نمائندے سے بات کرتے ہوئے ایک مریض کے تیمار دار نے بتایا کہ ان کی اہلیہ جو حاملہ تھی نے درد کی شکایت کی جس کے بعد اس کو ضلع اسپتال بڈگام علاج کیلئے لایا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اسپتال پہنچنے کے بعد ان کو کچھ ٹیسٹ کرانے کو مشورہ دیا گیا تاہم اسپتال میںعملہ ٹیسٹ کرانے کیلئے موجود نہیں تھا اور نہ ہی کوئی ذمہ دار ڈاکٹر اسپتال میں تھا جبکہ اتوار کی چھٹی کا بہانہ بنا کر مریض کے تیمار دار کو ٹیسٹ باہر سے کرانے کو کہا گیا جس کے بعد وہ مریض کو لیکر پرائیوٹ اسپتال جانے پر مجبور ہو گیا ۔ نمائندے کے ساتھ بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سال بھر خاتون کا علاج اسپتال میں چل رہا تھا اور جب اب آخری مرحلے میں علاج کی ضرورت پڑی تو اسپتال حکام نے انہیں مایوس کر دیا جس کے بعد انہوں نے نزدیکی پرائیوٹ اسپتال جانے کو ترجیح دی ۔ تیمار دار کا کہنا تھا کہ یہ حال ہمارے ساتھ ہوا دیگر مریضوں کے ساتھ کیا کچھ ہوتا ہوگا اس کا تو خد ا ہی حافظ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسپتال غریبوں کی راحت رسانی کیلئے بنایا جاتا ہے تاہم جب غریبوں کو ہی وہا ں مکمل علاج نہیں مل پاتا ہے تو ایسے اسپتال کی کیا ضرورت ہے ۔ ایک اور مریض کے تیمار دار نے اسپتال میں ناقص سہولیات کے بارے میں تاثرات پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس اسپتا ل سے نہ ہونا بہتر ہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسپتال میں اکثر و بیشتر ڈاکٹر موجود نہیں رہتے ہیں جس کے باعث مریضوں کو سرینگر کا رخ کرنا پڑتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم جموں کشمیر کی حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ اسپتال میں ڈاکٹروں کی دستیابی اور دیگر سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کریں ۔