گاندربل / /سیکرٹری دیہی ترقی محکمہ اور پنچایتی راج اعجاز اسد نے آج تولہ مولہ گاندربل میں ماتا کھیر بھوانی مندر میں یاتری نواس کی تعمیر اتی جگہ کا دورہ کیا اور اِس پروجیکٹ کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران سیکرٹری موصوف کے ہمراہ ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل شیامبیر، ایگزیکٹیو اِنجینئر آر اِی ڈبلیو گاندربل حامد اِقبال، اے سی ڈِی گاندربل ڈاکٹر بشیر احمد، اے اِی اِی آر ای ڈبلیوگاندربل اِلیاس مرزا، بی ڈِی او گاندربل گوہر آرزو اور محکمہ کے دیگر اَفسران بھی تھے۔سکریٹری نے پروجیکٹ کی تمام تفصیلات طلب کیں اور اِس کے مطابق متعلقہ ایگزیکٹیو اِنجینئر نے اُنہیں بتایا کہ آنے والا یاتری نواس ایک جی پلس ٹو فریم ڈھانچہ ہوگا جو میلہ کھیر بھوانی کے وقت یاتریوں کے لئے جگہ کی ضروریات کے مسئلے کو کافی حد تک حل کرے گا ۔ اِس عمارت میں ایک وقت میں تقریباً 900 سے 1000 یاتریوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی اور اِس کی تعمیر 2.80 کروڑ روپے کی مختص لاگت سے کی جارہی ہے۔اعجاز اسد نے ایگزیکٹیو اِنجینئر پر زور دیا کہ وہ منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے کوششیں دوگنا کریں۔ اُنہوں نے ایگزیکٹیو انجینئر کو ہدایت دی کہ اگر ٹرسٹ کی طرف سے کلیئرنس کی ضرورت ہو تو اسے ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل کے پاس لائیں تاکہ اِس منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جاسکے۔سیکرٹری موصوف نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ مزید تاخیر سے بچنے کے لئے ٹائم لائن پر سختی سے عمل کریں۔ اُنہوں نے یاتریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لئے منظور شدہ وقت کے اَندر منصوبے کو مکمل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔










