سکینہ ایتو نے سرینگر کے ایل ڈی ہسپتال کا اچانک معائینہ کیا ، طبی سہولیات کا جائیزہ لیا

سکینہ ایتو نے سرینگر کے ایل ڈی ہسپتال کا اچانک معائینہ کیا ، طبی سہولیات کا جائیزہ لیا

مریضوں اور تیمارداروں سے بھی بات چیت کی

سرینگر//صحت اور طبی تعلیم ، سماجی بہبود اور تعلیم کی وزیر سکینہ ایتو نے آج ایل ڈی ہسپتال سرینگر کا اچانک معائینہ کیا اور عوام کیلئے دستیاب طبی سہولیات کا جائیزہ لیا ۔ معائینے کے دوران وزیر نے ہسپتال کا جامع چکر لگایا اور ایمر جنسی وارڈ ، آؤٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ ( او پی ڈی ) ، مریضوں کے وارڈز ، آپریشنز تھیٹرز ، این آئی سی یو اور پی آئی سی یو وارڈ جیسے مختلف حصوں کا جائیزہ لیا ۔ اس موقع پر ڈاکٹروں اور طبی عملے کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے سکینہ ایتو نے حاملہ ماؤں کی تشویشناک حالت کے باعث ریفرل مریضوں کی بروقت طبی مداخلت کے بارے میں بھی دریافت کیا ۔ انہوں نے اس پریمئیر زچگی کی صحت کی سہولت پر دستیاب وسائل کے زیادہ سے زیادہ استعمال پر بھی زور دیا تا کہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ مریضوں کو بہترین ممکنہ دیکھ بھال حاصل ہو ۔ سکینہ ایتو نے کہا کہ صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات کیلئے طبی نگہداشت اور حفظانِ صحت کے اعلیٰ معیار کے ساتھ کام کرنا بہت ضروری ہے ، خاص طور پر سرکاری ہسپتالوں میں جو کہ آبادی کی اکثریت کی خدمت کرتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری حکومت اس بات کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے کہ یو ٹی کے ہر شہری کو بہتر طبی سہولیات کی خدمات میسر کرائی جائیں ۔ معائینے کے دوران وزیر نے کئی نازک شعبوں کا بھی نوٹس لیا جہاں بہتری کی ضرورت ہے اور ہسپتال انتظامیہ کو یقین دلایا کہ ان مسائل کو حل کرنے کیلئے فوری اصلاحی اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ معائینے کے دوران سکینہ ایتو نے مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے بات چیت کی اور انہیں دستیاب کی جا رہی طبی سہولیات کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔