تعلیمی نظام کو معاشرے کی تشکیل نو کرنے والی تیز رفتار تکنیکی تبدیلیوں کے ساتھ ہم آہنگ کرنے پر زور دیا
سرینگر//وزیر برائے تعلیم ، سماجی بہبود ، صحت اور طبی تعلیم محترمہ سکینہ ایتو نے معاشرے کی تشکیل نو کرنے والی تیز رفتار تکنیکی تبدیلیوں کے ساتھ تعلیمی نظام کو ہم آہنگ کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا ۔ وزیر موصوفہ نے ان باتوں کا اظہار گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن ( جی سی او ای /آئی اے ایس ای ) میں دو روزہ قومی کانفرنس برائے ’’ تعلیم میں مصنوعی ذہانت اور 21 ویں صدی کی مہارتوں کو ضم کرنا ‘‘ کے افتتاحی خطاب کے دوران کیا ۔ کانفرنس کا انعقاد جی سی او ای /آئی اے ایس ای کے انوویشن اینڈ ایکشن ریسرچ سیل /آئی کیو اے سی کی جانب سے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کشمیر کے تعاون سے کیا جا رہا ہے ۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ، وائس چانسلر کلسٹر یونیورسٹی سرینگر ، ہیڈ آئی سی ٹی اینڈ پراجیکٹ منیجمنٹ این آئی ای پی اے ، وزارت تعلیم نئی دہلی ، ڈائریکٹر جنرل سکول ایجوکیشن کشمیر ، ڈائریکٹر کالجز ، نوڈل پرنسپل کشمیر ڈویژن کالجز اور پرنسپل جی سی او ای /آئی اے ایس ای ، کالج کے فیکلٹی ممبران ، محققین اور بڑی تعداد میں طلباء موجود تھے ۔اپنی افتتاحی تقریر میں وزیر موصوہ نے دنیا کی تشکیل نو کرنے والی تیز رفتار تکنیکی تبدیلیوں کے ساتھ تعلیمی نظام کو ہم آہنگ کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے اجاگر کیا کہ مصنوعی ذہانت ( اے آئی ) صرف ایک مطالعاتی مضمون نہیں بلکہ سیکھنے والوں میں تخلیقی صلاحیتوں ، تنقیدی سوچ ، تعاون اور مسائل حل کرنے کی صلاحیتوں کو بڑھانے کا ایک اہم آلہ ہے ۔ انہوں نے کہا ’’ آج کی تعلیم کو ہمارے طلباء کو مستقبل کے روز گار کیلئے تیار کرنے کے ساتھ ساتھ موجودہ چیلنجز کا سامنا کرنے کیلئے بھی تیار کرنا چاہئیے ۔ ۔ اے آئی اور 21 ویں صدی کی مہارتوں کو ضم کرنے سے ہماری نوجوان نسل کو ذمہ داری سے اختراع کرنے اور علم پر مبنی معیشت میں بامعنی کردار ادا کرنے کی طاقت ملے گی ۔ ‘‘ انہوں نے ادارے کی جانب سے اس دور اندیش کانفرنس کے انعقاد کی کوششوں کی بھی تعریف کی ۔ وزیر نے اس موقع پر ’’ IASE Mentorbort ‘‘ نامی اے آئی پر مبنی تعلیمی چیٹ بوٹ بھی جاری کیا ، جو سیکھنے والوں اور اساتذہ کی مدد کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے ۔ اس سے قبل محترمہ سکینہ ایتو نے سرینگر کے گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن کے نئے تعمیر شدہ سائنس لیبارٹری بلاک کا افتتاح کیا ۔










