بڈگام//وزیر برائے صحت اور میڈیکل ایجوکیشن ، سوشل ویلفئیر اینڈ ایجوکیشن محترمہ سکینہ ایتو نے گورنمنٹ ڈگری کالج ( جی ڈی سی ) چاڈورہ کی مین بلڈنگ اور انتظامی بلاک کا سنگِ بنیاد رکھا ۔ اس موقع پر ایم ایل اے چاڈورہ مسٹر علی محمد ڈار ، ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر کشمیر ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ، ڈائریکٹر کالجز ، ڈائریکٹر فیملی ویلفئیر ، ڈائریکٹر آیوش ، پرنسپل جی ڈی سی چاڈورہ ، کالج کے فیکلٹی ممبران اور مقامی افراد کی بڑی تعداد موجود تھی ۔اس موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے قابل رسائی اور معیاری تعلیم کے ذریعہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے حکومت کے عزم کو دوہرایا ۔ انہوں نے کہا یہ ادارہ صرف اینٹوں اور مارٹر کی عمارت نہیں ہو گا بلکہ چاڈورہ اور اس سے ملحقہ علاقوں کے نوجوانوں کیلئے علم ، مواقع اور پیش رفت کا ایک مقام ہو گا ۔ وزیر نے یہ بھی اعلان کیا کہ آنے والے دنوں میں طلباء کی سہولت کیلئے کالج کو ایک بس مہیا کی جائے گی ۔ محترمہ سکینہ نے کہا کہ جموں و کشمیر یو ٹی وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ کی مخلصانہ کوششوں کے ساتھ ایک مثبت شکل اختیار کر رہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہماری حکومت کا عزم ہے کہ تعلیمی اداروں کو ہمارے معاشرے کے ہر گاؤں اور ہر کونے تک پہنچنا چاہئیے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم ایل اے چاڈورہ مسٹر علی محمد ڈار نے وزیر کا ان کی مستقل حمایت اور چاڈورہ حلقہ کی عوام کی مدد کیلئے اظہار تشکر کیا ۔ اس موقع پر سکینہ ایتو نے متعدد عوامی وفد اور افراد کے ساتھ بھی بات چیت کی جنہوں نے وزیر کو مختلف امور اور ان کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا ۔ان کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے وزیر نے انہیں یقین دلایا کہ ان کے حقیقی مسائل اور خدشات کو فوری طور پر حل کیا جائے گا ۔










